جنگ نیوز
جموں و کشمیر کے کالجوں میں گزشتہ تین تعلیمی برسوں کے دوران فارغ التحصیل طلبہ کی تعداد میں 22 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسمبلی میں رکنِ اسمبلی ارجن سنگھ راجو کے سوال کے جواب میں حکومت نے بتایا کہ تعلیمی سال 2023-24 میں 23655 طلبہ نے گریجویشن مکمل کی، جبکہ 2024-25 میں یہ تعداد گھٹ کر 21153 اور 2025-26 میں 18312 رہ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق، جموں میں گریجویٹس کی تعداد 5930 سے کم ہوکر 3906، جبکہ سرینگر میں 4190 سے گھٹ کر 3352 رہ گئی۔ راجوری، ادھم پور، کولگام اور ڈوڈہ سمیت دیگر اضلاع میں بھی تین برسوں کے دوران فارغ التحصیل طلبہ کی تعداد میں ایک تہائی سے زیادہ کمی درج کی گئی۔
حکومت نے اعتراف کیا کہ سرکاری ڈگری کالجوں، جامعات اور کلسٹر یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل طلبہ کی روزگار کے حصول کی شرح سے متعلق کوئی جامع اور یکساں اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔
حکومت کے مطابق، گریجویٹس کی ملازمت کے امکانات کا انحصار تعلیمی شعبے، مزید تعلیم، مسابقتی امتحانات، مہارتوں اور متعلقہ شعبوں میں روزگار کے مواقع پر ہوتا ہے۔
حکومت نے مزید بتایا کہ فارغ التحصیل طلبہ کی ملازمت، تقرریوں کی شرح اور شعبہ وار روزگار سے متعلق جامع جائزے کے لئے ایک پالیسی وضع کرنے کا عمل جاری ہے۔


