جنگ نیوز
جے اینڈ کے بینک نے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) پروگرام کے تحت انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (IIM) جموں کے جگتی کیمپس میں ماحول دوست سفری سہولت کا آغاز کرتے ہوئے 71 سائیکلیں اور مخصوص سائیکل اسٹینڈ فراہم کیے۔
بینک کے ایم ڈی و سی ای او امیتاوا چٹرجی نے آئی آئی ایم جموں کے ڈائریکٹر پروفیسر بی ایس ساہے اور بینک کے جنرل منیجر و ڈویژنل ہیڈ (جموں) اشوک گپتا کی موجودگی میں سائیکلوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔
اس موقع پر چٹرجی نے کہا کہ تعلیمی ادارے نوجوان نسل میں علم کے ساتھ اقدار اور عادات بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ کیمپس میں پائیدار طرزِ زندگی کو فروغ دینا صحت مند معاشرے، ماحولیاتی شعور اور ذمہ دار قیادت میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔
پروفیسر بی ایس ساہے نے بینک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام طلبہ میں صحت مند اور ماحول دوست عادات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
اس منصوبے کا مقصد کیمپس کے اندر مختصر فاصلے کے لئے موٹر گاڑیوں کے بجائے سائیکلوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا، ٹریفک کا دباؤ کم کرنا اور کاربن اخراج میں کمی لانا ہے۔
واضح رہے کہ جے اینڈ کے بینک اس سے قبل بھی آئی آئی ایم جموں کو کیمپس میں آمدورفت کے لئے پانچ ای کارٹس فراہم کر چکا ہے۔


