جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر/میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے تاریخی جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اللہ تعالیٰ پر اپنے یقین و بھروسے کو مضبوط کریں، مشکل حالات میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کریں اور دلوں کو کدورت، رنجش، حسد اور بدگمانی سے پاک رکھیں۔
میرواعظ نے قرآن کریم کی آیت ’’حَسْبُنَا اللَّهُ وَنعْمَ الْوَكيلُ‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالات کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں، مومن کو اللہ تعالیٰ کی رحمت، مدد اور حکمت سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات اور آزمائشیں زندگی کا حصہ ہیں، تاہم انسان کو اپنی پوری کوشش کرتے ہوئے جائز اسباب اختیار کرنے چاہئیں اور اس کے بعد اللہ تعالیٰ پر توکل کرنا چاہیے، کیونکہ وہی مسببُ الاسباب ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ حقیقی توکل دل کو قوت اور غیر یقینی حالات میں امید عطا کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسی جگہ سے بھی راستے نکال سکتا ہے جہاں انسان کو بظاہر کوئی راستہ دکھائی نہ دے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ رحم، درگزر اور خیر خواہی کا معاملہ کریں، باہمی رنجشیں ختم کریں، ایک دوسرے کو معاف کریں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا سہارا بنیں۔ ان کے مطابق جو دل اللہ تعالیٰ پر حقیقی بھروسہ کرتا ہے، اسے اللہ کی مخلوق کے لئے کینہ اور بدخواہی سے بھی پاک ہونا چاہیے۔


