جنگ نیوز
سری نگر/چیف سیکریٹری عطل دلو نے جموں و کشمیر کے مجوزہ کاربن کریڈٹ فریم ورک کا جائزہ لیتے ہوئے جامع پالیسی، معیاری عملی طریقۂ کار اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کی تیاری پر زور دیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری خزانہ شیلندر کمار، کمشنر سیکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی، ایم ڈی JKPDC، کمشنر JMC/SMC، CITaG کے سی ای او اور دیگر اعلیٰ افسران و ماہرین نے شرکت کی۔
مجوزہ فریم ورک میں کاربن مارکیٹ، گرین سیس، محکموں کے باہمی اشتراک اور گرین فنڈ کو بنیادی ستون قرار دیا گیا ہے۔ چیف سیکریٹری نے متعلقہ محکموں کے افسران کی استعداد بڑھانے کے لئے خصوصی تربیتی ورکشاپ منعقد کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں BISAG-N کے تعاون سے مربوط ڈیجیٹل نگرانی پلیٹ فارم اور کاربن رجسٹری قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
شیلندر کمار نے زراعت، پن بجلی اور جنگلات کو کاربن کریڈٹ کے لئے اہم شعبے قرار دیتے ہوئے PM Surya Ghar Yojana کے تحت چھتوں پر شمسی تنصیبات اور برقی گاڑیوں سے پیدا ہونے والے مواقع کو بھی شامل کرنے پر زور دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ BMC نے 27 کروڑ روپے، گجرات نے 22 کروڑ، اندور میونسپل کارپوریشن نے 8.34 کروڑ اور ہماچل پردیش نے 20 کروڑ روپے کاربن کریڈٹ سے حاصل کیے ہیں۔
مجوزہ منصوبے میں CAMPA، MGNREGS اور HADP جیسے پروگراموں میں کاربن اسکریننگ شامل کرنے، گرین فنڈ قائم کرنے اور سیاحتی مقامات پر گرین ٹورازم کنٹری بیوشن متعارف کرانے کی تجاویز شامل ہیں۔
فریم ورک کے تحت 180 روزہ عملی منصوبہ بھی تیار کیا جائے گا، جس میں سبز اثاثوں کی فہرست سازی، جموں و سری نگر میونسپل کارپوریشنوں، زراعت اور جنگلات میں 5 سے 7 ترجیحی منصوبوں کا آغاز اور محفوظ ڈیجیٹل ڈیٹا مرکز کا قیام شامل ہے۔


