جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر، 14 ستمبر: سری نگر سیکٹر کے زیر اہتمام 132 بٹالین سی آر پی ایف، صنعت نگر نے شہری ایکشن پروگرام 2025-26 کے تحت 14 سے 16 ستمبر تک نیڈوز ہوٹل میں والی بال ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں ناک آؤٹ بنیاد پر حصہ لے رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح 132 بٹالین سی آر پی ایف کے کمانڈنٹ ڈبلیو۔ آر۔ جوسواہ نے بحیثیت مہمانِ خصوصی کیا۔ افتتاحی میچ میں سید پورہ اسمیشز نے کورٹ کرشرز کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر ڈبلیو۔ آر۔ جوسواہ نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی، ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کرنا اور سری نگر کے مقامی نوجوانوں کے ساتھ روابط مضبوط کرنا ہے۔ تمام آٹھ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں والی بال کے ملبوسات بھی تقسیم کیے گئے۔ ٹورنامنٹ کے فاتح کو 10 ہزار روپے، ٹرافی اور سرٹیفکیٹ، رنر اَپ کو 7 ہزار روپے، ٹرافی اور سرٹیفکیٹ جبکہ بہترین کھلاڑی کو 1500 روپے، ٹرافی اور سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔


