جنگ نیوز ڈیسک
اونتی پورہ، یکم ستمبر: اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (IUST) کی رومی لائبریری نے مصنوعی ذہانت (AI) کے دور میں کتب خانوں کے بدلتے کردار کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں وادی بھر کے ماہرین تعلیم اور لائبریری پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو نے طلبہ اور اساتذہ میں مصنوعی ذہانت سے متعلق آگہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر شیخ اعجاز بشیر اور رجسٹرار پروفیسر شمیم احمد شاہ نے کتب خانوں کو جدید ڈیجیٹل وسائل اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔جموں یونیورسٹی کی پروفیسر سنگیتا گپتا نے معلومات تک رسائی، اوپن ایکسیس وسائل اور ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے میں کتب خانوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔
ورکشاپ میں ڈاکٹر راجیش سنگھ، ڈاکٹر نبی حسن، پروفیسر سمیر گل، ڈاکٹر فیاض احمد لون، ڈاکٹر نذیر احمد بھٹ اور ڈاکٹر شیخ شعیب سمیت متعدد ماہرین، اساتذہ، محققین اور طلبہ نے شرکت کی۔ پروگرام میں تکنیکی اجلاس بھی منعقد ہوئے، جبکہ اختتام ڈاکٹر سلیق احمد ڈار کے اظہارِ تشکر پر ہوا۔


