جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل سرینگر میں واٹر اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کرے گی، جس کا مقصد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں آبی کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مسابقتی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
فیسٹیول میں روئنگ، ڈریگن بوٹ، کینوئنگ، کیاکنگ، شکارا ریس، واٹر اسکیئنگ اور واٹر پولو سمیت مختلف آبی کھیل شامل ہوں گے۔
کونسل کے مطابق فیسٹیول کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کی جائے گی، جنہیں بعد میں تربیت دے کر قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کیا جا سکے گا۔
اسپورٹس کونسل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نوجوانوں کی آبی کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کے ساتھ جموں و کشمیر کے قدرتی آبی ذخائر کو بڑے کھیلوں کے انعقاد کے لیے اجاگر کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
فیسٹیول کی تاریخ، مقام، شرکت کے طریقۂ کار اور شیڈول سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔


