جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر نے کھیلو انڈیا پروگرام31-2026کے تحت مرکزی امداد سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کے لیے پانچ سالہ منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت اور مربوط کھیل نظام کے لیے تقریباً 1000 سے 1200 کروڑ روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ چیف سیکریٹری اٹل ڈولو کی صدارت میں یو ٹی سطحی رابطہ کمیٹی (UTLCC) کے اجلاس میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع کے لیے جامع کھیل منصوبے تیار کرکے 15 ستمبر 2026 تک پیش کریں۔
کمشنر سیکریٹری یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ منصوبے کا مقصد نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت، بہتر کوچنگ اور جدید کھیل سہولیات فراہم کرنا ہے۔
منصوبے میں معاونت حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد میں دس گنا اضافہ، کھیلو انڈیا سینٹروں کی توسیع، اولمپک ٹریننگ سینٹروں کے قیام اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تجاویز شامل ہیں۔
حکام کے مطابق NIT سرینگر اور IIT جموں کے اشتراک سے AI پر مبنی ٹیلنٹ شناخت، کھلاڑیوں کی کارکردگی کے تجزیے اور نوجوانوں کی ڈیجیٹل صحت جانچ کے نظام بھی تیار کیے جائیں گے۔


