جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر: ٹائمز ماسٹر پبلک اسکول، عالمگیری بازار، سرینگر کے زیر اہتمام دو روزہ سالانہ تعلیمی کانفرنس مذہبی علماء، ماہرینِ تعلیم، دانشوروں، میڈیا شخصیات، سماجی کارکنوں، تاجروں، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی شرکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
اسکول کے بانی آغا سید مجاہد حسین موسوی کی رہنمائی میں منعقدہ کانفرنس میلادِ مسعود حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی مناسبت سے منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں تعلیم، اخلاقی و روحانی تربیت، کردار سازی اور نوجوان نسل کی فکری نشوونما پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
تقریب میں مولانا آغا ارشد موسوی، مولانا سید رفاقت کاظمی، مولانا مومن، مولانا محین علی، قاری سید مہدی موسوی، فرحان کتاب، سجاد احمد شولا سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔
دوسرے روز شاہد عمران، فیاض احمد فیاض، شبنم وجپاری، مولانا آغا سید مدثر، مولانا عبدالحسین، مولانا مسرور عباس انصاری اور آغا سید مشتاق موسوی سمیت میڈیا، مذہبی اور تعلیمی شعبوں سے وابستہ شخصیات شریک ہوئیں۔
کانفرنس کی نظامت حکیم سہیل عباس کشمیری نے کی، جبکہ طلبہ و طالبات نے تلاوتِ کلام پاک، ترانے، تقاریر اور شاعری کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اپنے خطاب میں آغا سید مجاہد حسین موسوی نے معیاری تعلیم کے ساتھ طلبہ کی اخلاقی، روحانی اور فکری تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو باصلاحیت اور باکردار نسل کی تعمیر میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
منتظمین نے تمام شرکاء اور معاونین، بالخصوص کفایت حسین بھٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی نوجوان نسل کی جامع تربیت کے لئے ایسے تعلیمی و فکری پروگرام منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


