جنگ نیوز ڈیسک
شیواجی کالج، بَکاپور، پَلسِی، ضلع اورنگ کے پرنسپل وہ مولانا آزاد کالج کے سابق پروفیسر اور معروف ماہرِ نباتات و محقق پروفیسر ڈاکٹر رفیع الدین ناصر کی 53ویں کتاب ”Important Ethnobotanical Plants of Aurangabad (MS) – 2nd Edition“کا رسمِ اجرا کالج کے سیمینار ہال میں ایک پُروقار تقریب کے دوران عمل میں آیا۔ کتاب کی رونمائی اکھیل لوک کلیان شکشن پرَسارک منڈل کے صدر جناب راجندر کھنڈلوال کے ہاتھوں انجام پائی۔
پروفیسر رفیع الدین ناصر کی یہ 53ویں تصنیف ہے، جس میں انہوں نے اورنگ آباد اور اس کے اطراف پائے جانے والے 250 سے زائد اہم نباتاتی انواع کا تفصیلی تعارف، ان کے روایتی استعمالات، افادیت اور فوائد کو تحقیقی انداز میں پیش کیا ہے۔ یہ کتاب نہ صرف نباتیات اور ایتھنو بوٹنی کے طلبہ و محققین کے لئے مفید ہے بلکہ مقامی نباتاتی دولت اور روایتی علمی ورثے کو محفوظ کرنے کی سمت میں بھی ایک اہم کاوش ہے۔
اس موقع پر تقریب کے صدر جناب راجندر کھنڈلوال نے پروفیسر ڈاکٹر رفیع الدین ناصر کو ان کی 53ویں کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی اور ان کی علمی و تحقیقی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل تحقیقی سرگرمیاں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر ناصر مستقبل میں بھی اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ علمی و تحقیقی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
تقریب میں بطور مہمانانِ خصوصی پرنسپل محترمہ وانی سمیتا، پرنسپل ڈاکٹر منیشا کاتیاینی، کشل پاٹل سمیت کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملے کے ارکان اور کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات موجود تھے۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر رفیع الدین ناصر کی علمی و تحقیقی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔


