جنگ نیوز
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ترقی اور وسائل سے متعلق بڑھتی تشویش کے باوجود بھارت کو عالمی سطح پر ترقی کی ایک روشن امید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
نئی دہلی میں اکنامک ٹائمز ورلڈ لیڈرز فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اصلاحات اور مسلسل ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے سابقہ حکومتوں کے ’’پروڈکشن لنکڈ پنشمنٹ‘‘ ماڈل سے نکل کر ’’پروڈکشن لنکڈ انسینٹو‘‘ کے ماڈل کو اپنایا ہے، جس سے روزگار اور نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف ضابطوں میں تبدیلی نہیں بلکہ ضابطہ سازی کی پوری پالیسی کو تبدیل کر رہی ہے۔
مودی نے کہا کہ بھارت ہمیشہ مشترکہ مستقبل کے تصور پر یقین رکھتا ہے، اسی لئے بھارت کی جی-20 صدارت کا بنیادی اصول ’’ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل‘‘ تھا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے عالمی حالات نے واضح کر دیا ہے کہ ایک ملک کا مستقبل دوسرے ممالک سے جڑا ہوا ہے اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ ذمہ داری کا احساس اکیسویں صدی کے کئی عالمی چیلنجوں کا جواب فراہم کر سکتا ہے۔


