جنگ نیوز
نئی دلی/ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں ’’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان — 100 روزہ مہم‘‘ کی کافی ٹیبل بک پیش کی۔
ذرائع کے مطابق، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ DIPR، جموں و کشمیر کی جانب سے تیار، مرتب اور شائع کی گئی اس کتاب میں جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے چلائی گئی 100 روزہ مہم اور اس میں عوامی شرکت کی تفصیلات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ایل جی سنہا نے جموں و کشمیر میں منشیات کے خلاف مہم کی قیادت کرتے ہوئے تمام 20 اضلاع میں ریلیوں اور مختلف پروگراموں میں حصہ لیا تھا، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران منوج سنہا نے وزیر اعظم کو جموں و کشمیر سے متعلق مختلف اہم امور سے بھی آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال، سلامتی، انتظامی اور ترقیاتی معاملات سمیت تازہ پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔


