جنگ نیوز ڈیسک
جموں/ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) جموں میں جموں و کشمیر آرٹیفیشل اِنٹلی سینٹر آف ایکسی لینس(اے آئی سی او اِی) کا آغازکیا اور اِسی موقعہ پر آئی آئی ٹی جموں میں آرٹیفیشل اِنٹلی جنس سے مزین ڈیجیٹل تجارتی پلیٹ فارم پروجیکٹ فونیکس بھی قوم کے نام وقف کیا۔
اِن اقدامات کا مقصد ٹیکنالوجی پر مبنی طرزِ حکمرانی کو فروغ دینا، اِختراع اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے معاشی مواقع اور ڈیجیٹل مارکیٹ تک رَسائی کو وسعت دینا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اساتذہ، طلبأ، صنعت کاروں، کاریگروں اور سرکاری افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیفیشل اِنٹلی جنس کو بہتر طرزِ حکمرانی اور شہریوں کو حقیقی فوائد پہنچانے کے لئے بروئے کار لایا جانا چاہیے۔
اُنہوں نے کہا،’’آرٹیفیشل اِنٹلی جنس کا اصل مقصد لوگوں کے لئے بہتر نتائج فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ یہ سینٹر آف ایکسی لینس ہمیں زیادہ مؤثر، جوابدہ اور عوام دوست نظامِ حکمرانی قائم کرنے میں مدد دے گا جبکہ پروجیکٹ فونیکس کاریگروں،سیلف ہیلپ گروپوں ،سٹارٹ اپس اور مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایم ایس ایم ایز) کو وسیع منڈیوں تک رَسائی کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔‘‘
وزیراعلیٰ نے آرٹیفیشل اِنٹلی جنس کے عملی اِستعمال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اِس ٹیکنالوجی کو زراعت، صحت، تعلیم اورڈیزاسٹرمینجمنٹ جیسے شعبوں میں اِستعمال کیا جانا چاہیے تاکہ شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان تفاوت کم ہو اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے۔
اُنہوں نے راجوری اور پونچھ میں حالیہ بادل پھٹنے کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مقامی خطرات کی بروقت نشاندہی اور لوگوں کی جانیں بچانے کے لئے آرٹیفیشل اِنٹلی جنس پر مبنی اَرلی وارننگ سسٹم ناگزیر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل اِنٹلی جنس کسانوں اور باغبانوں کو فصلوں کی بیماریوں، ان کے علاج اور زرعی اَدویات کے سائنسی اِستعمال سے متعلق بروقت معلومات فراہم کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پروجیکٹ فونیکس حکومت کے فلیگ شپ مشن یووا کی تکمیل کرے گاکیوں کہ یہ سٹارٹ اپس اور مقامی کاروباری اداروں کو بہتر مارکیٹ رَسائی، رہنمائی اور انکوبیشن سپورٹ فراہم کرے گا۔ اُنہوں نے حکومت اور آئی آئی ٹی جموں کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے مضبوط اختراعی ماحولیاتی نظام قائم کیا جانا چاہیے۔
جموں و کشمیر آرٹیفشل اِنٹلی جنس سینٹر آف ایکسی لینس جو مرکزی وزارت الیکٹرانکس و اِنفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم اِی آئی ٹی)اور اِنفارمیشن ٹیکنالوجی حکومت جموں و کشمیر کے تعاون سے آئی آئی ٹی جموں میں قائم کیا گیا ہے،آرٹیفیشل اِنٹلی جنس سے متعلق تحقیق، حل کی تیاری، معیارات کے تعین، ٹیکنالوجی کی جانچ اور عملی نفاذ کے لئے ایک مرکزی ادارے کے طور پر کام کرے گا۔
یہ سینٹر مختلف سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں، سٹارٹ اپس اور صنعتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر طرزِ حکمرانی، تعلیم، صحت، زراعت، بنیادی ڈھانچے اورڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں کے حقیقی مسائل کے لئے آرٹیفیشل اِنٹلی جنس پر مبنی حل تیار کرے گا۔
پروجیکٹ فونیکس کو جموں، کشمیر اور لداخ کے کاریگروں، سیلف ہیلپ گروپوں، کوآپریٹیو، سٹارٹ اپس، برانڈز اور ایم ایس ایم ایز کو ڈیجیٹل کامرس پلیٹ فارم کے ذریعے قومی اور عالمی منڈیوں سے مربوط کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے جس میں آن بورڈِنگ، مصنوعات کی دریافت اور مارکیٹ تک رَسائی آسان ہے۔
اِس سے قبل ڈائریکٹر آئی آئی ٹی جموں پروفیسر منوج سنگھ گور نے کہا کہ ادارہ تحقیق کو سماجی فوائد پر مبنی عملی حل میں تبدیل کرنے اور حکومت، صنعت اور سٹارٹ اپس کے ساتھ اِشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ جامع ترقی کے لئے اِختراع پر مبنی نظام تشکیل دیا جا سکے۔
تقریب میں وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، کمشنر سیکرٹری محکمہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی سوربھ بھگت، سینئر اَفسران، فیکلٹی ممبران ، طلبأ، صنعت کاروں اور دیگر شراکت داروں نے شرکت کی۔


