جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے پہلی پورہ علاقے میں آج علی الصبح بادل پھٹنے کے واقعے کے بعد اچانک آنے والے شدید ریلے سے متعدد مکانات میں پانی داخل ہو گیا، جس کے باعث گھریلو سامان کو نقصان پہنچا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق صبح کے وقت مسلسل بارش ہو رہی تھی کہ اچانک ایک زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی۔ اس کے فوراً بعد پانی کا تیز بہاؤ علاقے میں داخل ہوا اور پانچ سے آٹھ رہائشی مکانات کے علاوہ ایک سرکاری اسکول بھی اس کی زد میں آ گیا۔
علاقہ کے مکینوں نے بتایا کہ پانی گھروں کے اندر داخل ہونے سے فرنیچر، بستر اور دیگر گھریلو سامان کو نقصان پہنچا۔ تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور تمام افراد کو بروقت اور بحفاظت گھروں سے باہر نکال لیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کا کام شروع کر دیا۔
آج وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ابر آلود موسم کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کئی مقامات پر تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پہاڑی علاقوں میں مزید بارشوں کے باعث ندی نالوں کے سطح آب میں اضافے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔


