جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ ہاؤسنگ و شہری ترقی نے جموں و کشمیر یونیفائیڈ بلڈنگ بائی لاز 2021 کے تحت شہری علاقوں میں عمارتوں کے اجازت ناموں کے لئے یکساں فیس کا شیڈول فوری طور پر نافذ کر دیا ہے۔ یہ نظام تمام میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کونسلوں، میونسپل کمیٹیوں اور ترقیاتی اتھارٹیز پر لاگو ہوگا۔
نئے شیڈول کے مطابق رہائشی عمارتوں اور ہاؤسنگ کالونیوں کے لئے فی مربع میٹر 80 روپے، مخلوط استعمال والی عمارتوں کے لئے 150 روپے جبکہ تجارتی، صنعتی، عوامی اور دیگر خصوصی نوعیت کی عمارتوں کے لئے 270 روپے فی مربع میٹر فیس مقرر کی گئی ہے۔ مذہبی عمارتوں کو اس فیس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
حکومت نے رہائشی عمارتوں کے لئے 3000 روپے اور دیگر تمام زمروں کے لئے 10 ہزار روپے ملبہ سکیورٹی بھی مقرر کی ہے، جبکہ مقررہ فیس کے علاوہ 40 فیصد کمپاؤنڈنگ فیس بھی وصول کی جائے گی۔ نئے نرخ آن لائن بلڈنگ پرمیشن سسٹم میں بھی شامل کیے جائیں گے تاکہ درخواستوں کی یکساں اور شفاف طریقے سے کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔


