جنگ نیوز ڈیسک
جموں، 20 جولائی: "ہمارا جموں، ہمارے حقوق” مہم کے تحت اتوار کو جموں میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں جموں کے لیے علیحدہ مکمل ریاستی درجہ اور آرٹیکل 371 کے تحت آئینی تحفظات کا مطالبہ کیا گیا۔ ریلی کا اہتمام شیو سینا (UBT) سمیت مختلف سماجی، مذہبی اور تجارتی تنظیموں نے مشترکہ طور پر کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیو سینا (UBT) جموں و کشمیر کے صدر منیش ساہنی نے کہا کہ جموں کے عوام مقامی روزگار، وسائل، ثقافت اور ڈوگرہ شناخت کے تحفظ کے لیے آئینی ضمانتیں چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جموں کو ترقی، روزگار اور نمائندگی کے معاملات میں مسلسل نظرانداز کیا گیا ہے۔
ریلی کے آغاز میں راجوری میں حالیہ بادل پھٹنے اور شدید بارشوں میں جاں بحق افراد کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری امداد اور بازآبادکاری کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اختتام پر شرکاء نے اپنے مطالبات کی منظوری تک پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔


