جموں خطے کے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں اتوار کی صبح ہونے والی موسلا دھار بارش اور مختلف مقامات پر آنے والے اچانک سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں پونچھ اور راجوری میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں۔
سرنکوٹ میں مکان کے ملبے میں آٹھ افراد دب گئے
پونچھ سے بڑی تعداد میں اموات کی خبر ہے جہاں 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک اعلیٰ پولیس اہلکار نے تصدیق کی ہے کہ 16 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ پونچھ کے سرنکوٹ میں ایک مکان منہدم ہونے کی وجہ سے ملبے میں آٹھ افراد دب گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق سال 1992 کے بعد سرنکوٹ میں یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا سیلاب ہے۔
پونچھ کی حویلی تحصیل کے نونابندی علاقے میں ایک کچا مکان منہدم ہونے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں، جب کہ اسی خاندان کے تین دیگر افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے اور ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سرنکوٹ کے مرہہ علاقے میں ایک خاتون اچانک سیلاب کی زد میں آکر جاں بحق ہو گئیں۔ بعد ازاں سرنکوٹ اسپتال میں چار لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے لائی گئیں۔ بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ ڈاکٹر محمد یوسف چودھری نے چار اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مزید جانی نقصان کا بھی خدشہ ہے۔


