جنگ نیوز
سری نگر/ جموں و کشمیر اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور BJP کے سینئر رہنما سنیل شرما نے جموں و کشمیر حکومت کی آؤٹ سورسنگ پالیسی کے خلاف وادی بھر میں تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے اسے "تقرری گھوٹالہ” قرار دیا۔
سری نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ آؤٹ سورسنگ کے ذریعے میرٹ کو نظر انداز کر کے پسِ پردہ بھرتیاں کی جا رہی ہیں، جس سے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان روزگار سے محروم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے NC حکومت پر بدعنوانی، وعدہ خلافی اور انتظامی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ BJP اس معاملے پر ہر ضلع میں عوامی تحریک چلائے گی اور تمام نوجوانوں سے اس میں شامل ہونے کی اپیل کی۔
ریاستی درجے کے بارے میں سنیل شرما نے کہا کہ یہ BJP کے منشور کا حصہ ہے اور اس کی بحالی پارلیمنٹ کے ذریعے ہوگی، نہ کہ احتجاجی مظاہروں سے۔ انہوں نے کہا آؤٹ سورسنگ پالیسی واپس نہ لینے کی صورت میں BJP اپنی تحریک جاری رکھے گی۔


