جنگ نیوز
سرینگر/نالندہ لٹریچر فیسٹیول 2026-27 کے تحت آج سرینگر کے شيرِ کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر (SKICC) میں "سرینگر نالندہ ڈائیلاگ 2026” کا انعقاد ہوگا، جس میں ملک و بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ سطحی مندوبین، پالیسی ساز، ادیب، سفارت کار، ماہرین تعلیم اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔ دن بھر جاری رہنے والے اس اہم مکالمے کا اختتام مجوزہ "سرینگر۔نالندہ اعلامیہ” کی منظوری کے ساتھ ہوگا۔
اس پروگرام کا انعقاد دھنو بہار، وزارت سیاحت حکومت ہند، محکمہ ثقافت حکومت جموں و کشمیر، اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس (IGNCA)، نیشنل بک ٹرسٹ، نیشنل اسکول آف ڈرامہ (NSD)، ناوا نالندہ مہاویہار یونیورسٹی اور جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ اس سال مکالمے کا موضوع "گورننس، سیاحت اور ادب” رکھا گیا ہے۔
افتتاحی اجلاس کی قیادت لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کریں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹورازم حکومت ہند سمن بِلّا، ناوا نالندہ مہاویہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر سدھارتھ سنگھ، نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے ڈائریکٹر چترنجن تریپاٹھی، معروف ادیب شفیع شوق، نالندہ لٹریچر فیسٹیول کی چیئرپرسن ڈی عالیہ اور فیسٹیول ڈائریکٹر گنگا کمار بھی خطاب کریں گے۔
پہلا موضوعاتی اجلاس "ثقافت اور سیاحت کے فروغ میں مصنوعی ذہانت، علمی نظام اور مستقبل کی تعلیم” کے عنوان سے منعقد ہوگا، جس میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں سمن بِلّا، سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے وائس چانسلر اے رویندر ناتھ، Editrix.ai کی بانی میرو گوکھلے، آصف علی بانکا اور مصنف و سول سرونٹ مہیش کے شریک ہوں گے، جبکہ مہیش کے ہی نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔
دوسرا اجلاس "کشمیری ثقافت کے مختلف پہلو: بدھ مت، شیو مت اور تصوف، ترقی، جمہوریت اور پائیداری” کے عنوان سے ہوگا۔ اس نشست میں کشمیر کی کثرت پسند ثقافتی روایات اور ان کی عصری اہمیت پر گفتگو کی جائے گی۔ مقررین میں سدھارتھ سنگھ، مصنف شہباز حقباری، پدم شری اعزاز یافتہ موہن سنگھ، دانشور و ادیب غلام مصطفیٰ خواجہ اور ادریسہ حسن قادری شامل ہیں۔
"یوتھ انوویشن: مکالمے کے ذریعے مستقبل کی تشکیل” کے عنوان سے منعقد ہونے والا اجلاس نوجوانوں کی قیادت، اختراع اور گورننس پر مرکوز ہوگا۔ اس میں مصنف و سول سرونٹ نتیشور کمار، چترنجن تریپاٹھی، سیکریٹری یوتھ افیئرز جموں و کشمیر شاہد چودھری اور ڈپٹی کمشنر بڈگام اطہر عامر خان شرکت کریں گے۔ اس نشست کی نظامت مصنف ڈاکٹر عقیل احمد کریں گے۔
چوتھا اجلاس "سیاحت بطور پل: کشمیر میں امن اور گورننس کا نیا تصور” کے عنوان سے منعقد ہوگا، جس کی صدارت رکن پارلیمان، معروف مصنف اور سابق سفارت کار ششی تھرور کریں گے۔ اس نشست میں ڈی عالیہ اور کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیکریٹری جنرل فیض احمد بخاری بھی شریک ہوں گے۔ توقع ہے کہ اس بحث میں امن، معاشی ترقی اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ میں سیاحت کے کردار کا جائزہ لیا جائے گا۔
اختتامی "سرینگر۔نالندہ اعلامیہ” اجلاس میں پدم وبھوشن ڈاکٹر کرن سنگھ، ششی تھرور اور نتیشور کمار اسٹیج پر موجود ہوں گے۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف کشمیر کی وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان، ڈی عالیہ، حکومت دہلی کے محکمہ فنون و ثقافت کے سیکریٹری کے مہیش اور نالندہ لٹریچر فیسٹیول کے بین الاقوامی مشیر وِک گیفنی بھی شریک ہوں گے۔
منتظمین کے مطابق یہ مکالمہ گورننس، سیاحت، ادب، نوجوانوں کی شمولیت اور ہندوستان کی تہذیبی و علمی روایات کے فروغ کے حوالے سے اہم سفارشات مرتب کرے گا، جو آئندہ پالیسی سازی اور فکری مباحث کے لیے رہنما ثابت ہو سکتی ہیں۔
ادھر کشمیر یونیورسٹی نے سری نگر۔نالندہ ڈائیلاگ 2026 میں بطور نالج پارٹنر شرکت کا اعلان کیا ہے۔ رجسٹرار کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق 20 جون کو SKICC میں منعقدہ پروگرام میں متعلقہ افسران اور اساتذہ کی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔


