سیّد شکیل شان کی نوجوانوں کو منشیات کی لت سے محفوظ رکھنے میں والدین کی توجہ، نگرانی اور رہنمائی کے اہم کردار پر زور
جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر/18؍جون 2026ء
محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (ڈِی آئی پی آر) کشمیر کے کلچر یونٹ نے ’نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت گرین لینڈ پیرا میڈیکل کالج سنگین دروازہ حول سری نگر میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔
اِس پروگرام کا مقصد طالب علموں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور صحت مند و نشہ سے پاک زِندگی کی اہمیت اُجاگر کرنا تھا۔ طلبأ نے پروگرام میںبڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تقاریر کے ذریعے منشیات کے عادی اَفراد، کنبوں اور معاشرے پر پڑنے والے منفی اثرات کو اُجاگر کیا۔
اِس موقعہ پر مہک ڈرامیٹک کلب کے فن کاروں نے منشیات کی لت کے خطرات پر مبنی ایک مختصر ڈرامہ پیش کیا۔ اِس مؤثر اور دلچسپ پیشکش کو حاضرین نے خوب سراہا اور بھرپور داد دِی۔
پروگرام میں حصہ لینے والے مقرر طالب علموں کو ان کی شاندار شرکت اور بیداری کے فروغ میں کردار اَدا کرنے پر اعزازات سے نوازا گیا۔
اِس موقعہ پر اے اِی سی او کلچر یونٹ کشمیر سیّد شکیل شان نے نوجوانوں کو منشیات کی لت سے محفوظ رکھنے میں والدین کی توجہ، نگرانی اور رہنمائی کے اہم کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے’نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان ‘کے تحت جاری سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے منشیات کے خلاف جدوجہد کو معاشرے کی مشترکہ ذِمہ داری قرار دِیا۔
پرنسپل گرین لینڈ پیرا میڈیکل کالج اور عملے نے کلچر یونٹ ڈِی آئی پی آر کا ایسے بامقصد بیداری پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ اَدا کیا اور طلبأ میں منشیات کے نقصانات کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔
پروگرام کا اِختتام شرکأ کے اس عہد کے ساتھ ہوا کہ وہ منشیات سے پاک جموں و کشمیر کے خواب کو حقیقت بنانے میں اَپنا کردار ادvا کریں گے۔


