جنگ نیوز
آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مکالمے کے دروازے مکمل طور پر بند نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ وہاں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو تقسیم ہند کو ایک غلطی سمجھتے ہیں اور بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں۔
ترواننت پورم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور وہاں کی ریاستی پالیسیوں میں فرق ہے اور پڑوسی ملک میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو دو قومی نظریے سے اتفاق نہیں کرتا۔
بھاگوت نے واضح کیا کہ آر ایس ایس کی پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے حوالے سے کوئی الگ خارجہ پالیسی نہیں ہے اور تنظیم خارجہ امور میں مرکزی حکومت کے مؤقف کی پیروی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور ظلم کے خلاف سخت مؤقف برقرار رکھتے ہوئے بھی عوامی سطح پر رابطے اور مکالمے کے امکانات کو ختم نہیں کیا جانا چاہیے۔


