جنگ نیوز
مرکزی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی و ارضیاتی علوم ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں میں ملک کے ساتویں علاقائی موسمیاتی مرکز (RMC) کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز جموں و کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش کے لئے موسمی پیش گوئی، آفات سے متعلق انتباہات اور آب و ہوا سے وابستہ خدمات کو مزید مؤثر بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نئے مرکز کے قیام سے اب علاقائی، ضلعی، سیاحتی اور پہاڑی علاقوں کے لئے الگ الگ گوئیاں فراہم کی جائیں گی، جبکہ اچانک سیلاب، بادل پھٹنے، برفانی تودے گرنے، شدید برف باری، گرج چمک اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات سے متعلق بروقت وارننگ جاری کی جائے گی۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ 2014 میں جموں و کشمیر میں ایک بھی ڈوپلر ویدر ریڈار موجود نہیں تھا، جبکہ اس وقت جموں، سری نگر، لیہہ اور بنیہال میں چار ریڈار کام کر رہے ہیں۔ مزید پانچ ڈوپلر ویدر ریڈار اننت ناگ، بارہمولہ، راجوری، ڈوڈا اور کشتواڑ کے لئے تجویز کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں موسمیاتی مشاہداتی نظام میں بھی نمایاں توسیع ہوئی ہے۔ اس وقت جموں و کشمیر اور لداخ میں 56 موسمیاتی مراکز کام کر رہے ہیں، جن میں 25 آٹومیٹک ویدر اسٹیشنز اور 16 آٹومیٹک رین گیجز شامل ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران مزید آٹھ آٹومیٹک ویدر اسٹیشنز اور پانچ رین گیجز نصب کیے جائیں گے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ یہ مرکز امرناتھ اور ویشنو دیوی یاترا، زرعی شعبے، ٹرانسپورٹ، پن بجلی منصوبوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں اور سیکورٹی فورسز کے لئے بھی انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ گزشتہ سال کی قدرتی آفات کے پیش نظر کشتواڑ میں ایک خودکار موسمیاتی مرکز اور سیسمولوجی مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔


