جنگ نیوز ڈیسک
کتھوعہ/ڈائریکٹر جنرل پولیس جموں و کشمیر نالین پربھات نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پولیس دہشت گردی، منشیات مافیا اور دیگر جرائم پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور یونین ٹیریٹری میں ہر طرح کی ملک مخالف اور سماج مخالف سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
کتھوعہ میں 14ویں پولیس شہداء میموریل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 2026 کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ جرائم کی کوئی بھی شکل ہو، بالخصوص دہشت گردی، سب کچھ پولیس کی سخت نگرانی میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کے 1620 شہداء کے نام پر مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کو اب تک ایک اشوک چکر، سات کیرتی چکر، 33 شوریہ چکر، 1866 بہادری تمغے اور 2347 دیگر اعزازات مل چکے ہیں۔
ڈی جی پی نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کو فلاحی فنڈ کے تحت مالی امداد فراہم کی جاتی ہے جبکہ ایس پی اوز کو بھی یک مشت امداد دی جاتی ہے۔ شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے لیے ایک لاکھ روپے اور بچوں کی بارہویں جماعت تک تعلیم کے اخراجات بھی برداشت کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کے زیر اہتمام مختلف اسپورٹس ایونٹس منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں سری نگر میں فٹبال، کتھوعہ میں کرکٹ اور آئندہ سال جموں میں ہاکی ٹورنامنٹ شامل ہیں۔ نوجوانوں کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے جشن دل، پیڈل فار پیس، رن فار پیس اور رن فار یونٹی جیسے پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔
ڈی جی پی کے مطابق جموں و کشمیر پولیس پورے یو ٹی میں منشیات سے نجات کے 10 مراکز چلا رہی ہے جہاں اس سال تقریباً 3000 افراد کا علاج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت درشن پروگرام کے تحت اس سال ایک ہزار سے زائد نوجوانوں کو ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے دو اہلکاروں نے امریکہ کے شہر برمنگھم میں ہونے والے ورلڈ گیمز میں کشتی کے مقابلوں میں سونے کے تمغے حاصل کیے ہیں۔


