جنگ نیوز
عالمی یوم اردو اور انجمن اردو صحافت جموں و کشمیر کے یومِ تاسیس کی مناسبت سے آج ایک مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جسے مشترکہ طور انجمن اردو صحافت جموں و کشمیر اور جموں و کشمیر اردو کونسل نے منظم کیاتھا۔ تقریب کا عنوان ’’اردو زبان و صحافت۔۔۔ کل، آج اور کل‘‘ رکھا گیاتھا، جب کہ اس موقع پر تقسیم اسناد و اعزازات 2025 بھی عمل میں لائی گئی اور دو. کتب کی اجرائی بھی عمل میں لائی گئی۔
تقریب میں اردو زبان، ادب اور صحافت کے متعلق مختلف پہلووں پر نامور ادیبوں، صحافیوں اور دانشوروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے اردو کی تاریخی اہمیت، موجودہ دور کے چیلنجز اور مستقبل کے امکانات پر روشنی ڈالی۔
ادب و صحافت میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خصوصی ایوارڈز پیش کیے گئے۔ اس موقع پر مرحوم غلام نبی خیال کو ممتاز ادبی و صحافتی خدمات پر شمیم احمد شمیم یادگاری ایوارڈ سے نوازا گیا،اور سپاس نامہ ناظم نذیر نے پڑھ کر سنایا۔اس موقع پر مرحوم شمیم احمد شمیم کے منتخب اقتباسات بھی اظہر رفیقی نے سنائے جنہیں بے حد پسند کیا گیا۔
اس کے علاوہ سینئر صحافی، قلمکار اور سماجی شخصیت جناب امداد ساقی کو ’’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘‘ کا عطا کیا جانا رہا، جسے حاضرین نے بھرپور تالیوں سے سراہا۔
تقریب کی صدارت جسٹس ریٹائرڈ بشیر احمد کرمانی نے کی، جب کہ معروف صحافی یوسف جمیل، وحشی سعید، ایڈووکیٹ اے آر ہانجورہ سعید ملک اور ریاض مسرور صدارتی نشست پر جلوہ افروز رہے۔ تمام معززین نے موضوع کے مختلف پہلووں پر مدلل اور جامع گفتگو کی۔
استقبالیہ خطاب صدر جموں و کشمیر اردو کونسل ایڈووکیٹ اے آر ہانجورہ نے پیش کیا۔جبکہ کلیدی خطبہ ممتاز علمی و ادبی شخصیت پروفیسر نذیر احمد ملک نے پیش کیا۔
معروف صحافی یوسف جمیل اور ریاض مسرور نے بھی اردو زبان اور اردو صحافت کے بدلتے ہوئے منظرنامے پر قابلِ قدر روشنی ڈالی۔
انجمن اردو صحافت کا تعارف ناظم نذیر ، ایڈیٹر ’تعمیل ارشاد‘ اور رکن مجلس عاملہ نے پیش کیا۔
تقریب میں ایک تعزیتی قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں حال ہی میں وفات پانے والے صحافیوں اور ادیبوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یہ قرارداد انجمن اردو صحافت کے جنرل سیکریٹری بلال فرقانی نے پیش کی۔


