جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر، 23 نومبر: کشمیر یونیورسٹی کی تھانگ تا ٹیم نے منی پور میں منعقدہ آل انڈیا انٹر یونیورسٹی تھانگ تا چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار تمغے حاصل کیے۔
حسیب شفیع نے 58 کلوگرام زمرے میں پھونابا اما مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا، جبکہ ارجمند نے 60 کلوگرام زمرے میں نقرئی تمغہ حاصل کیا۔ ندا اندرابی نے 72 کلوگرام اور حماد بشیر نے 62 کلوگرام زمرے میں کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔
وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان نے کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کھیلوں کے میدان میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسلسل نمایاں پیش رفت کر رہی ہے۔
رجسٹرار پروفیسر نصیر اقبال اور ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس پروفیسر رئیس اے قادری نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے عزم کا اظہار کیا۔


