ہند سماچار
سرینگر/جنگ نیوز/ دہلی کے بھارت منڈپم، پرگتی میدان میں جاری 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں کشمیری دستکاری اور شالبافی کا فن لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ جموں و کشمیر پویلین میں قومی ایوارڈ یافتہ دستکار بشیر احمد بٹ موقع پر شال تیار کرکے زائرین کو اس قدیم ہنر کی باریکیاں دکھا رہے ہیں۔
وسطی ضلع بڈگام کے سونہ پاہ گاؤں سے تعلق رکھنے والے بشیر احمد گزشتہ تقریباً چار دہائیوں سے شالبافی کے فن سے وابستہ ہیں اور لگ بھگ 25 برس سے مسلسل ٹریڈ فیئر میں شرکت کر رہے ہیں۔ ان کے اسٹال پر ڈبل سائیڈ شال، عکسی شال اور دیگر نفیس فن پارے دستیاب ہیں۔ عکسی شال تیار کرنے میں تقریباً تین سال لگتے ہیں اور اس کی قیمت 9 لاکھ روپے تک ہے، جبکہ نیم جامہ شال ڈیڑھ لاکھ اور عام شال 10 ہزار سے 20 ہزار روپے میں فروخت ہوتی ہیں۔
سونہ پاہ گاؤں کو روایتی کشمیری دستکاری کے تحفظ کے لئے کرافٹ ولیج کا درجہ حاصل ہے، جہاں 20 سے زائد افراد سوزنی کام پر ریاستی اور قومی ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ بشیر احمد کے مطابق یہ ہنر تقریباً 200 سال قبل غلام حسن شیرا نے گاؤں میں متعارف کرایا تھا۔ وہ خود 2016 میں جے پور میں منعقدہ BRICS Handicraft Exchange Programme میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شالبافی نے انہیں عزت اور روزگار فراہم کیا اور ان کا خاندان بھی اسی ہنر سے وابستہ ہے۔ ان کے ساتھ تقریباً 12 تجربہ کار کاریگر کام کرتے ہیں، جبکہ امریکہ، یورپ، کینیڈا اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک سے انہیں آن لائن آرڈر ملتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے انتظار کے بجائے ہنر سیکھ کر خود روزگار اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔
بشیر احمد نے دستکاری کے فروغ میں ایکسپورٹرز کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاریگروں کو مناسب قیمت ملنے سے صنعت اور روزگار کو استحکام حاصل ہوگا۔ تاہم انہوں نے ٹریڈ فیئر میں جگہ کی دیر سے بکنگ اور مناسب ہال نہ ملنے پر تشویش ظاہر کی، جس کے باعث ان کے اسٹال تک پہنچنے میں خریداروں کو دشواری ہوتی ہے۔ انہوں نے شالبافی کو حضرت شاہ ہمدانؒ کی امانت قرار دیتے ہوئے اس ورثے کو محفوظ رکھنے اور نسل در نسل منتقل کرنے پر زور دیا۔


