
عبدالغفار صدیقی
کشن گنج، بہار میں نکاح کے موقع پر بریلویت اور دیوبندیت کے نام پر جو کچھ ہوا، وہ انتہائی شرمناک ہے۔ اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہوتے رہے ہیں اور آئندہ بھی نہ ہوں گے، اس کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ نکاح کے وقت مولوی صاحب نے جس قسم کے جاہلانہ سوالات کیے، ان کا دین و شریعت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ لیکن مسلم امت کی بدقسمتی یہ ہے کہ یہ سب کچھ دین کے نام پر ہی ہو رہا ہے۔ ایک طرف مختلف ملی پلیٹ فارموں پر اتحادِ اسلامی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے اور دوسری طرف فرقہ و مسلک کے نام پر سماج کو تقسیم کرنے اور اسلام کو بدنام کرنے کا عمل جاری ہے۔ جو دین تفرقہ بازی کو ختم کرنے آیا تھا، اسی دین کے نام پر انتشار پھیلایا جا رہا ہے۔
میں سمجھتا ہوں کہ مسلمانوں کی ذلت و رسوائی کا سب سے بڑا سبب یہی ہے کہ وہ دین کے بجائے مسلک کے پیروکار بن گئے ہیں۔ اللہ نے اپنے نبی کے ذریعے ہمیں دین عطا کیا تھا۔ اس دین کا سرچشمہ قرآن مجید ہے اور اس کی عملی تشریح نبی اکرم ﷺ کا عمل ہے، جسے ہم سنت کہتے ہیں۔ گویا قرآن اصول اور پالیسی بیان کرتا ہے اور پیغمبر اس کو خود بھی نافذ کرتے ہیں اور اپنی امت کو اس کے نفاذ کا سلیقہ و شعور بھی بخشتے ہیں۔ مگر مسلمانوں میں کچھ لوگ ایسے پیدا ہوئے جنھوں نے دین کی خدمت کے نام پر الگ الگ مسلکی شناختیں قائم کرلیں۔ اللہ کی کتاب اور رسول کی سنت میں نہ بریلویت کا ذکر ہے اور نہ دیوبندیت کا۔ ہوسکتا ہے کہ ہمارے بعض بزرگوں نے دین کی تشریح اور سنت کی تفہیم کرتے ہوئے الگ الگ آرا پیش کی ہوں۔ یہ انسانی اور بشری تقاضے ہیں، لیکن ان آرا کو دین کا حصہ نہیں کہا جاسکتا۔ رفتہ رفتہ یہی آرا مسلک کی بنیادیں بن گئیں۔ ان کے ماننے والے علماء نے اپنے مسلک اور موقف ہی کو حق قرار دے دیا۔ اسی بنیاد پر مدارس قائم ہوئے، نصابِ تعلیم مرتب کیا گیا اور مساجد بھی مسلک کے نام پر تعمیر ہونے لگیںاور ایک دوسرے پر کفر و ضلالت کے فتوے داغے جانے لگے۔
آج صورتِ حال یہ ہے کہ اس متحدہ ہندوستان میں، جس میں مسلمانوں کی آبادی کم و بیش 60 کروڑ ہے، شاید ایک مسلمان بھی ایسا نہیں ہے جسے سارے مسلمان ’’مسلمان ‘‘سمجھتے ہوں۔ البتہ ایک مختصر سا گروہ ایسا ضرور ہے جو سب کو مسلمان سمجھتا ہے، لیکن اس مختصر گروہ کو بھی وہ لوگ مسلمان نہیں سمجھتے جنھیں وہ گروہ مسلمان سمجھتا ہے۔ مثال (یہ صرف مثال ہے کسی جماعت کی حمایت نہیں)کے طور پر جماعت اسلامی سے وابستہ لوگ ہر اس شخص کو مسلمان سمجھتے ہیں جو دین کی بنیادی تعلیمات پر یقین رکھتا ہے، یعنی اللہ کی وحدانیت اور ختمِ نبوت کا قائل ہے۔ ان کے نزدیک بریلوی، دیوبندی، اہلِ حدیث اور شیعہ سب مسلمان ہیں، لیکن اسی جماعت اسلامی یا اس جیسا موقف رکھنے والوں کو انہی فرقوں کی جانب سے ضال و مضل کہا جاتا ہے۔
برصغیر میں مسلمانوں میں انتشار کا بنیادی سبب یہی مسلک پرستی ہے۔ یہاں دین پر ملاؤں کی اجارہ داری ہے۔ یہاں اللہ کے بجائے ملا کی اطاعت کی جاتی ہے۔ قرآن پاک کو چھوڑ کر باقی کتابوں کو مرجع کی حیثیت حاصل ہے۔ فہمِ قرآن کی بات کرنے والوں کو بھی گمراہ خیال کیا جاتا ہے۔
ملا جی کی شریعت میں اپنے مسلک کی پیروی کرنا لازمی ہے اور اللہ و رسول کے مقابلے میں کسی امام کا مقلد ہونا فرض ہے۔ عجیب بات یہ ہے کہ کہنے کو تو چاروں ائمہ کو برحق کہا جاتا ہے، لیکن عملاً ایک دوسرے کی مخالفت کی جاتی ہے۔ ایک طبقہ (اہلِ حدیث) اس دعوے کو بھی چیلنج کرتا ہے کہ چاروں ائمہ برحق ہیں۔ ان کے بقول، ان (چاروں ائمہ)کی حقانیت کی کوئی سند اللہ نے نازل نہیں کی۔ دارالافتاؤں سے آپ جب بھی فتویٰ معلوم کریں گے تو معدودے چند کے سوا ہر جگہ سے جو جواب ملے گا، وہ قرآن و سنت کے بجائے ائمہ کے اقوال کی سند سے دیا جائے گا۔ بخاری و مسلم کو صحیحین قرار دینے کے باوجود ان میں درج احادیث پر عمل کرنے والوں پر گمراہی کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔ ملاؤں نے دین کو عجیب چوں چوں کا مربہ بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں مسلمان دنیا بھر میں مذاق کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔
کشن گنج، بہار میں جس امام نے نکاح پڑھانے سے انکار کیا، اس کی ایک دلیل یہ بھی تھی کہ اگر میں نے اس حال میں نکاح پڑھا دیا تو میرا اپنا نکاح ٹوٹ جائے گا۔ یہ کیسی غیر معقول بات ہے کہ کسی کا نکاح پڑھا دینے سے نکاح پڑھانے والے کا اپنا نکاح ٹوٹ جائے گا! کچھ سال پہلے ایک جگہ (پاک بڑہ، ضلع مرادآباد) ایک بریلوی امام نے کسی دیوبندی کی نمازِ جنازہ پڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں نہ صرف اس امام بلکہ ان تمام مقتدیوں کا نکاح بھی ٹوٹ گیا تھا جو بریلوی مسلک سے تعلق رکھتے تھے۔ بعض لوگوں نے دوبارہ نکاح پڑھوایا بھی تھا۔ کیا یہ جہالت کی انتہا نہیں ہے؟
اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان ملاؤں سے آزادی حاصل کریں اور ان کی گمراہ کن باتوں سے بچیں۔ انھوں نے دین کو اپنا بزنس بنا لیا ہے۔ کوئی تعویذ بیچ رہا ہے، کوئی جن بھوت بھگانے کا ڈھونگ رچا رہا ہے، کسی نے مزار کی دکان کھول رکھی ہے، کوئی تیجہ، فاتحہ اور دم درود کے نام پر بھولے بھالے مسلمانوں کو ٹھگ رہا ہے۔ کہیں تصوف کے سلسلے ہیں، کہیں نسل و نسب کے نام پر آقائی کے دعوے ہیں۔ کسی نے اشراف و اراذل میں تقسیم کر رکھا ہے، کسی نے فقہ و حدیث کے نام پر بازار سجا رکھا ہے۔ کچھ ذرا مہذب ہیں تو انھوں نے قومی اور بین الاقوامی ادارے بنا رکھے ہیں۔ کسی نے ایک اینٹ کا مدرسہ تو کسی نے ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا کر پیٹ بھرنے کا سامان کر رکھا ہے۔
برصغیر پاک و ہند میں امتِ مسلمہ ’خیر امت‘ کا خدائی ٹائٹل کھو چکی ہے۔ ان کے کسی عمل سے نہیں لگتا کہ وہ انسانیت کی فلاح کے بارے میں سوچ بھی رہے ہیں۔ انھیں انسانوں سے کیا غرض! انھیں غرض ہے تو اپنے فرقے سے، اپنے مسلک سے۔ خدمتِ خلق کا چیپٹر تقریباً ہر کسی کے یہاں بند ہے۔ بہتوں کے یہاں یہ صرف کاغذ پر ہے، کچھ خدمتِ حلق کو ہی خدمتِ خلق سمجھ بیٹھے ہیں۔ تعلیم کے نام پر بڑے بڑے دارالعلوم ہیں، وہاں ہزاروں بچے بھی ہیں، کروڑوں کا خرچ بھی ہے۔ بلاشبہ تعلیم بھی دی جاتی ہے، لیکن وہاں سے ایسے ہی مدرس، مولوی اور امام تیار ہو رہے ہیں جیسا نمونہ کشن گنج میں دیکھنے کو ملا ہے۔ آپ یہ نہ سمجھیں کہ وہ اکیلا ہے، بلکہ وہ ایک نمونہ ہے۔ اس نمونے کے رہنما ہر آبادی میں موجود ہیں، جو ملت کو تقسیم کر رہے ہیں۔
اے اللہ! یہ تیرے کیسے مقرب بندے ہیں جو باہم نفرت پھیلا رہے ہیں، جو رشتوں کو غیر معقول وجوہات کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں! اے اللہ! تیرے پیغمبر نے تو اوس و خزرج کو باہم ملا دیا تھا، چالیس چالیس سال کی دشمنیاں ختم کر دی تھیں، بلالؓ و صہیبؓ کو ابوبکرؓ و عمرؓ کا بھائی بنا دیا تھا۔ رنگ، نسل اور وطن کے سارے فرق مٹا کر امتِ واحدہ تشکیل دی تھی، مگر آج اسی پیغمبر کے ماننے والے، اسی کے نام پر ایک دوسرے کی تکفیر کر رہے ہیں۔
کیا اب بھی وقت نہیں آیا کہ ہماری آنکھیں کھل جائیں؟ جب کہ دشمن ہمیں نیست و نابود کرنے پر عمل پیرا ہے، ہمارے وجود سے نفرت کرتا ہے، ہماری بیٹیوں کی عزت و عصمت لوٹ رہا ہے، ہماری سجدہ گاہیں اس کے نشانے پر ہیں اور ہماری تہذیب اس کی نظر میں خار بن کر کھٹک رہی ہے۔ آخر کب آئے گا وہ وقت جب مسلم پرسنل لا بورڈ، مسلم مجلسِ مشاورت اور دیگر ملی جماعتوں کے نام پر مختلف مسالک کے زعماء جوایک ساتھ اٹھتے، بیٹھتے اور دعوتیں اڑاتے ہیں، جب کہ ان کے ہر قدم کا مالی بوجھ غریب عوام برداشت کرتے ہیں؟وہ عملی میدان میں بھی اتحاد کا مظاہرہ کریں گے؟ آخر کب عام مسلمانوں کو ملاؤں کی غلامی سے نجات ملے گی؟ کب انھیں نام نہاد مسلک سے چھٹکارا ملے گا؟ وہ کب خالص اللہ کے بندے بن کر زندگی گزاریں گے؟
میں سمجھتا ہوں کہ وہ دن شاید کبھی نہیں آئے گا، اس لئے کہ وہ دن تو ملاؤں کی موت کا دن ہوگا، ان کے کاروبار بند ہو جائیں گے۔ ہاں، وہ دن ضرور آسکتا ہے، اگر عوام بیدار ہو جائیں، اگر وہ اللہ کی کتاب سے براہِ راست جڑ جائیں، اگر وہ سیرتِ رسول کو قرآن کے آئینے میں دیکھ لیں اور ملاؤں سے سوال کرنے کا حوصلہ پیدا کر لیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا صدیوں کے ذہنی غلام ایسا کر پائیں گے؟


