جنگ نیوز ڈیسک
سری نگر/عالمی یومِ ذیابیطس 2026 کے موقع پر سری نگر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران ’’ڈائبٹیز سمپلِفائیڈ فار کشمیر‘‘ نامی کتاب جاری کی گئی، جس میں کشمیر کے مخصوص غذائی رجحانات، ثقافتی روایات اور طرزِ زندگی کے تناظر میں ذیابیطس کی روک تھام اور علاج پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
کتاب مشترکہ طور پر ڈاکٹر شہنواز میر، ڈاکٹر ناصر شمس اور پروفیسر ایم حیات بھٹ نے تحریر کی ہے۔ تقریب میں سابق ڈائریکٹر سکمز پروفیسر عبد الحمید زرگر نے کشمیر میں ذیابیطس کی صورتِ حال، گزشتہ تین دہائیوں کی تحقیق اور مقامی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت اجاگر کی۔
کتاب کی رسمِ اجرا پروفیسر عبد الواحد، پروفیسر سلیم خان، پروفیسر شارق مسعودی، پروفیسر نذیر مشتاق، سلیم بیگ اور پروفیسر اے آر نستی نے انجام دی۔
ماہرین نے کہا کہ ذیابیطس سے نمٹنے کے لئے طبی علاج کے ساتھ مقامی غذائی عادات میں بہتری، جسمانی سرگرمیوں اور عوامی بیداری کو فروغ دینا ضروری ہے۔
اس موقع پر کم گلیسیمک انڈیکس والے چاول ’’شوگر کٹ رائس‘‘ کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں، جبکہ ڈاکٹر ناصر شمس کی مرتب کردہ کتابچہ ’’فائیو مائلز‘‘ تقسیم کیا گیا، جس کا مقصد روزانہ چہل قدمی اور صحت مند طرزِ زندگی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔


