جنگ نیوز ڈیسک
جموں// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی آف جموں (ایس کے یو اے ایس ٹی۔ جموں) کے چٹھہ کیمپس میں 22ویں آل انڈیا وائس چانسلرز ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کا افتتاح کیا۔ سکاسٹ جموں کی میزبانی میں 13 سے 23 نومبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر کی 24 یونیورسٹیوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں جموں و کشمیر کی 6 اور دیگر ریاستوں کی 18 ٹیمیں شامل ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ یونیورسٹی ملازمین کو اپنی کھیلوں کی صلاحیتیں دکھانے اور ایک دوسرے سے روابط مضبوط بنانے کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ جیت اور ہار کو کھیل کا حصہ سمجھیں، کیونکہ مقابلے سے بڑھ کر دوستی اور یادیں اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی گزشتہ سال رنجی ٹرافی میں کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں میں مقابلہ اور بدلتی قسمت لازمی عوامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے ملک بھر سے آئی ٹیموں کا جموں میں خیرمقدم کیا اور انہیں شری ماتا ویشنو دیوی شرائن سمیت خطے کے ثقافتی اور تاریخی مقامات دیکھنے اور ڈوگرہ پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی۔
اس سے قبل انہوں نے میزبان سکاسٹ جموں اور کویتری بہینا بائی چودھری نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی، جلگاؤں کی ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان ٹاس کرایا اور کھلاڑیوں سے بات چیت کی۔
افتتاحی تقریب میں وزیر جاوید احمد ڈار، میر سیف اللہ اور وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر بی این ترپاٹھی موجود تھے۔ ٹیموں کی پریڈ، رسمی مشعل روشن کرنے کی تقریب اور مدراس رجمنٹ کے ثقافتی پروگرام نے تقریب کو نمایاں بنایا۔
پروفیسر بی این ترپاٹھی نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کے 22ویں ایڈیشن کی میزبانی یونیورسٹی اور جموں و کشمیر کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس ایونٹ کو ملازمین کی جسمانی تندرستی، کھیلوں کی صلاحیتوں اور باہمی روابط کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس ویلفیئر اور نوڈل افسر ڈاکٹر سدھاکر دویدی، رجسٹرار سکاسٹ جموں پروفیسر انیل کمار، یونیورسٹی حکام، اساتذہ، طلبہ اور ملک بھر سے آئے مندوبین بھی موجود تھے۔


