کیا کسی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی کا مستقبل ایک ہی شخص کی بصیرت، کردار اور فیصلوں کا محتاج ہونا چاہیے؟ این ویڈیا کے معاملے نے کارپوریٹ دنیا میں یہ اہم سوال کھڑا کر دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت (AI) کے میدان میں دنیا اس وقت ایک غیر معمولی مسابقت سے گزر رہی ہے، جہاں ٹیکنالوجی محض ترقی اور کاروبار کا ذریعہ نہیں بلکہ عالمی طاقت، معاشی بالادستی اور قومی سلامتی کا اہم ہتھیار بن چکی ہے۔ امریکہ اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت میں برتری حاصل کرنے کی کشمکش کے دوران دنیا کی معروف چِپ ساز کمپنی این ویڈیا (Nvidia) کے سربراہ جینسن ہوانگ سے متعلق تنازعے نے ایک اہم سوال پیدا کیا ہے کہ کیا کسی عالمی کمپنی کی قسمت ایک ہی شخص کے کردار اور فیصلوں سے اس قدر وابستہ ہو سکتی ہے کہ اس کے ذاتی معاملات بھی عالمی معیشت اور قومی سلامتی پر اثر انداز ہوں؟
جینسن ہوانگ محض ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت کے موجودہ انقلاب کے اہم کرداروں میں شمار ہوتے ہیں۔ این ویڈیا کے تیار کردہ جدید چِپس دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہوانگ کی شخصیت کمپنی کی تجارتی شناخت سے آگے بڑھ کر امریکہ کی تکنیکی برتری کی علامت بن چکی ہے۔ سنگاپور میں قائم ایک کمپنی کے عہدیدار کے ساتھ ان کے مبینہ تعلقات اور اس عہدیدار پر چینی جاسوس ہونے کے الزامات نے معاملے کو غیر معمولی حساسیت عطا کر دی ہے۔ اگرچہ ان الزامات کی حقیقت کا تعین تحقیقات سے ہی ممکن ہے، تاہم تشویش اس بات پر ہے کہ کسی اہم ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ کی ذاتی وابستگیاں حساس معلومات اور قومی سلامتی کے لئے خطرہ بن سکتی ہیں۔ این ویڈیا میں داخلی تحقیقات کے اعلان کے بعد کمپنی کی مارکیٹ قدر میں بھاری کمی کی اطلاعات نے سرمایہ کاروں کے خدشات کو بھی نمایاں کیا۔ کارپوریٹ دنیا میں اس خطرے کو ’’کی مین رسک‘‘ (Key Man Risk) کہا جاتا ہے۔ اس سے مراد ایسی صورت حال ہے جس میں کوئی ادارہ اپنی کامیابی اور مستقبل کے لئے کسی ایک فرد پر اس قدر انحصار کرنے لگتا ہے کہ اس شخص کی غیر موجودگی، غلط فیصلہ یا ساکھ کو پہنچنے والا نقصان پورے ادارے کو بحران سے دوچار کر سکتا ہے۔ یہ خطرہ صرف این ویڈیا تک محدود نہیں۔ میٹا کے مارک زکربرگ، اوپن اے آئی کے سیم آلٹمین، اینتھروپک کے ڈاریو اموڈی اور ٹیسلا و اسپیس ایکس کے ایلون مسک جیسے نام بھی اپنے اداروں کی شناخت کے ساتھ گہرائی سے جڑے ہوئے ہیں۔ ایلون مسک کی امریکی محکمہ برائے حکومتی کارکردگی میں شمولیت کے دوران پیدا ہونے والے تنازعات نے ٹیسلا کی ساکھ اور حصص کی قیمت کو متاثر کیا تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جب کسی کمپنی کی شناخت ایک شخصیت کے گرد سمٹ جائے تو اس کے فیصلے پورے ادارے کے لئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ جدید کارپوریٹ نظام میں بانی یا سربراہ کی اہمیت اپنی جگہ، لیکن کسی ادارے کو ایک فرد کی شخصیت کا تابع بنا دینا دانش مندی نہیں۔ کامیاب کمپنی وہ ہے جو اپنے بانی کی بصیرت کو مضبوط ادارہ جاتی نظام میں تبدیل کرے۔ اس کے لئے اختیارات کی تقسیم، شفاف فیصلہ سازی، آزاد نگرانی، داخلی احتساب اور جانشینی کا واضح منصوبہ ضروری ہے۔ دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اس تصور سے باہر نکلنا ہوگا کہ ان کا بانی یا سربراہ ناقابلِ بدل ہے۔ کسی ادارے کی اصل کامیابی اس وقت ثابت ہوتی ہے جب وہ اپنے اہم ترین فرد کی عدم موجودگی میں بھی اعتماد اور تسلسل کے ساتھ کام کر سکے۔ این ویڈیا کا معاملہ پوری دنیا کے لئے ایک سبق ہے۔ مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں تکنیکی برتری جتنی اہم ہے، اتنا ہی ضروری ادارہ جاتی استحکام، قیادت کا احتساب اور قومی سلامتی کا تحفظ بھی ہے۔ کسی ایک شخص کی ذہانت کمپنی کو بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے، لیکن اسی شخص پر غیر معمولی انحصار اسے بحران سے بھی دوچار کر سکتا ہے۔ حقیقت یہی ہے کہ ادارے شخصیات سے بڑے ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل کسی ایک فرد کے بجائے مضبوط نظام سے وابستہ ہونا چاہیے۔
مصنوعی ذہانت کی عالمی جنگ اور ایک شخص