جنگ نیوز
ایودھیا/بھگوان رام کی جائے پیدائش ایودھیا میں ہفتہ کو دیپوتسو کی 10ویں تقریب کے دوران سرجو ندی کے کنارے 36 لاکھ سے زائد مٹی کے دیے روشن کیے گئے، جس سے شہر بقعۂ نور بن گیا۔ حکام کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 10 لاکھ زیادہ دیے روشن کیے گئے۔
گزشتہ سال دیپوتسو کی نویں تقریب میں 26,17,215 دیے بیک وقت روشن کرنے اور 2,128 افراد کی اجتماعی آرتی کے ذریعے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا گیا تھا۔
سرکاری بیان کے مطابق رام کی پیڑی سمیت 56 گھاٹوں پر دیوں کی روشنی نے تین یوگ کے دور کی یاد تازہ کردی۔ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے رام کی پیڑی پر دیے روشن کیے۔
تقریب کے دوران عظیم الشان لیزر شو، تھری ڈی ہولوگرافک مظاہرے اور رامائن کے مختلف واقعات پر مبنی ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ دیسی ڈرون شو میں بھگوان رام اور رامائن کے مناظر بھی آسمان پر روشن کیے گئے، جبکہ آتش بازی سے جشن کی رونق دوبالا ہوگئی۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کابینہ ارکان کے ہمراہ رام کتھا پارک میں بھگوان رام، سیتا، لکشمن، بھرت، شتروگھن اور ہنومان کی پوجا کی۔ اس موقع پر علامتی پشپک وِمان کے ذریعے بھگوان رام، لکشمن اور سیتا کی ایودھیا آمد کا منظر بھی پیش کیا گیا۔ ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی بارش کی گئی اور وزیر اعلیٰ، نائب وزرائے اعلیٰ اور دیگر وزرا نے علامتی رتھ کو کھینچا۔
سرجو ندی کے کنارے خصوصی پلیٹ فارموں پر ویدک علماء نے آرتی انجام دی، جس میں نائب صدر اور وزیر اعلیٰ سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
تقریب کے لئے رام منوہر لوہیا اودھ یونیورسٹی، کالجوں اور رضاکار تنظیموں کے 35 ہزار سے زائد رضاکاروں نے چراغوں کی تیاری اور روشنی کے انتظامات میں حصہ لیا۔ ایودھیا کے مندروں، آشرموں، سرکاری عمارتوں، گلیوں اور گھروں کو بھی چراغوں سے سجایا گیا۔ اتر پردیش سمیت مختلف ریاستوں کے فنکاروں نے اپنے روایتی ثقافتی پروگرام پیش کیے۔


