
رشید پروینؔ
سوپور، کشمیر
ہمالہ کے چشمے ابلتے ہیں کب تک
خضر سوچتا ہے وُلر کے کنارے
دنیا کے یہ ہنگامے کب تک جاری رہیں گے اور کب شروع ہوئے، اس کا پتہ نہیں۔ خضر کو یہ سوچنے کی ضرورت وُلر کے کنارے ہی کیوں پیش آئی؟ یقیناً اس کا کوئی تعلق ہوگا، ورنہ ظاہر ہے کہ وہ دائمی طور پر وُلر کے کنارے ہزاروں برس سے کیوں دھونی رما کر ان گتھیوں کو سلجھانے کی فکر میں ہمالہ کی طرف نظریں اٹھائے بیٹھا ہوتا۔
اس شعر کی میں نے قطعاً تفہیم یا تشریح نہیں کی ہے، بلکہ وُلر کی کہانی، اس کی افادیت اور تاریخی معلومات آپ کی نذر کرنا چاہتا ہوں۔ راج ترنگنی کے پس منظر میں اس حوالے سے مختصراً عرض ہے کہ راج ترنگنی میں جو پہلا اور اولین مہاراجہ ہمیں نظر آتا ہے، جس سے کلہن پنڈت نے اپنی تاریخ کا آغاز کیا ہے، وہ ’’راجہ اوکا نند‘‘ ہے۔ اس کا دورِ حکومت 17 سال تک رہا، جو 3121 قبل مسیح میں تھا۔
اس کے بعد راج ترنگنی کے مطابق 1078 برس بعد راجہ سندر سین 2042 قبل مسیح میں حکمران رہا اور اس نے 41 سال تک حکومت کی۔ اس کے والد کا نام ’’یندر سین‘‘ تھا، جس نے فحاشی اور بداعمالیوں کو زبردست فروغ دیا تھا۔ یہ برائیاں اس کے بیٹے سندر سین کے زمانے میں اپنے عروج پر پہنچ گئیں۔ اس راجہ کا دارالخلافہ سندر مت نگر تھا۔ اب یہ بات آپ کی زبردست دلچسپی کا باعث اور آپ کے لئے ایک اہم معلومات ہوگی کہ یہ سندر مت نگر میرے آج کے سوپور اور بانڈی پورہ، جو ایک معروف قصبہ ہے، کے درمیان واقع کرالہ سنگری نامی پہاڑی کے دامن میں آباد تھا۔ اس پہاڑی کے مشرقی دامن میں ’’وُلر‘‘ اور جنوب مشرقی دامن میں اب بھی وٹلب گاؤں موجود ہے۔
اب آپ اس بات پر حیران ہوں گے کہ یہ بالکل وہی مقام ہے جہاں آج کل دنیا کی میٹھے پانی کی سب سے بڑی جھیلوں میں شمار ہونے والی ’’جھیل وُلر‘‘ واقع ہے، جسے ایشیا کی سب سے بڑی جھیل مانا جاتا ہے۔ یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ آپ نے اس جھیل کا نام نہ سنا ہو، کیونکہ دنیا بھر کے سیاحوں کی یاترا اور کشمیر کی سیر اس جھیل وُلر کو دیکھے بغیر ادھوری اور نامکمل تصور کی جاتی ہے۔ بلکہ اس جھیل کے حسن، دلکشی اور دلفریبی کو چاندنی راتوں میں ہی اپنے شباب پر محسوس کیا جا سکتا ہے، جب چاند عین آپ کے اوپر اپنے باراتیوں کے ساتھ وُلر کے آئینے میں اپنا حسن و جمال دیکھ دیکھ کر ششدر و حیران رہتا ہے، بغیر کچھ کہے، اتھاہ سناٹوں اور ابدی خاموشی کے گیتوں میں گم۔
وُلر کا تذکرہ ہماری تمام تاریخوں میں موجود ہے۔ ان سے جو تھوڑی بہت معلومات ملتی ہیں، وہ کچھ یوں ہیں کہ راجہ سندر سین، جس کا یہ دارالخلافہ تھا، اپنے تمام برے خصائل، کمینگی اور بداعمالیوں کے بلند ترین زینے پر فائز تھا۔ ظاہر ہے کہ اس کی طرزِ حکمرانی بھی اسی نوعیت کی رہی ہوگی۔
اسی زمانے کی ایک حسرت ناک اور اذیت ناک حکایت یہ ہے کہ ایک مرتبہ اس کے اسی شہر (سندر مت) میں ایک باپ اپنی ہی بیٹی کی عصمت دری کا مرتکب ہوا۔ بیٹی کے شوہر نے سندر سین کے دربار میں فریاد کی۔ سندر سین نے فوراً فیصلہ سنایا کہ لڑکی کے شوہر کو زنداں میں ڈال دیا جائے، کیونکہ اس نے یہ راز افشا کرکے بہت بڑا جرم کیا ہے، جبکہ باپ کو رہا کردیا گیا۔ یہ مثال دراصل یہ سمجھنے کے لئے کافی ہے کہ اس زمانے میں اس راجہ کا طرزِ حکومت کیا رہا ہوگا۔
اس واقعے کے کچھ ہی عرصے بعد اللہ کا غیض و غضب جوش میں آیا اور ایک زبردست زلزلے کے نتیجے میں اس شہر کے چاروں طرف چشمے پھوٹ پڑے۔ اس طرح پورا شہر ایک بڑی جھیل میں تبدیل ہوگیا، جو آج ایشیا کی سب سے بڑی جھیل بھی تصور کی جاتی ہے۔ اس کمبخت کی حکمرانی 41 سال تک رہی اور 2042 قبل مسیح میں وہ اپنے تمام خاندان اور آبادی سمیت جھیل کے پانیوں میں غرق ہوگیا اور یادگار کے طور پر جھیل وُلر چھوڑ گیا۔
یہ کہانی عقلی دلیل کی بنیاد پر محض فرضی یا گھڑی ہوئی داستان معلوم نہیں ہوتی، بلکہ تاریخوں کے علاوہ یہ روایت اب تک ہزاروں برس سے سینہ بہ سینہ بھی منتقل ہوتی رہی ہے۔ ہانجی برادری کے لوگوں سے میں نے بھی یہ سنا ہے کہ جب جھیل کا پانی کافی کم ہوجاتا ہے تو اس کی تہہ میں کچھ نشانات نظر آتے ہیں، جنہیں ہم کوئی معنی نہیں پہنا سکتے۔
یہ جھیل وُلر کرالہ سنگری، جسے آج کل حضرت بابا شکرالدین کی پہاڑی بھی کہا جاتا ہے، کے دامن میں واقع ہے اور اپنے گرد و پیش کی دلفریبی پر خود بھی متحیر دکھائی دیتی ہے۔ اس خوبصورت اور میٹھے پانی کی جھیل کی لمبائی 15 میل اور چوڑائی 6 میل ہے۔ کشمیر کا مشہور و معروف دریائے جہلم اس جھیل کے درمیان سے گزرتا ہوا سوپور اور بارہمولہ کے راستے پاکستان کی طرف بہتا ہے۔ اس طرح یہ دریائے وِتستا، یعنی جہلم، کا ایک ڈیلٹا بھی نظر آتا ہے۔
کشمیر کے مشہور، عادل، اولوالعزم اور مومن صفت سلطان زین العابدین، جنہیں کشمیری لوگ بڈشاہ کے نام سے عزیز رکھتے ہیں، نے اس جھیل کے درمیان ایک جزیرہ نما تعمیر کیا ہے، جو آج بھی جھیل کے وسط میں سیاحوں اور کشمیریوں کے لئے حیرت و استعجاب کا باعث بنا ہوا ہے۔ یہ جزیرہ کیسے تعمیر ہوا، اس بارے میں کئی روایات مشہور ہیں۔
اس کی لمبائی شمال سے جنوب تک 100 گز ہے۔ اس کے شمالی گوشے میں تین منزلہ ایک خوبصورت اور مضبوط عمارت تعمیر کی گئی تھی، جو آج تک موجود ہے۔ اس کے علاوہ یہاں دربار لگانے کا انتظام بھی رہا ہے۔ یہ ’’زینہ لانک‘‘ کے نام سے مشہور ہے اور مجھے بھی اپنے بچپن میں اس ’’لانک‘‘ پر جانے کا اتفاق ہوا ہے۔
زینہ لانک کے بارے میں یہاں یہ بات بہت معروف اور تصدیق شدہ ہے کہ جب دریائے جہلم کا سیلابی پانی جھیل میں داخل ہوتا ہے تو وُلر کا پانی آس پاس کی بستیوں تک بھی پہنچ جاتا ہے، لیکن یہ جزیرہ نما صدیوں کے دوران کبھی زیرِ آب نہیں آیا اور نہ ہی اس کے زینوں سے اوپر پانی پہنچا ہے۔
یہ روایت مشہور ہے کہ زینہ لانک بڈشاہ نے کچھ ایسے سائنسی انداز میں تعمیر کروایا تھا کہ زمین کا یہ ٹکڑا پانی کی سطح کے ساتھ ہی اوپر اٹھتا ہے، لیکن پانی پر تیرنے یا کسی بڑے جہاز کی طرح حرکت کرنے سے قاصر ہے۔ اس کے بارے میں یہ بھی ایک روایت ہے کہ بڈشاہ نے اس لانک کی بنیادیں استوار کرتے وقت کشمیر کے کسی بہت بڑے بزرگ اور درویش سے دعا کروائی تھی۔ اگر یہ بات سچ ہے تو وہ بزرگ حضرت سخی جانباز ولی ہی ہوسکتے ہیں، جن کے بڈشاہ کے ساتھ مراسم رہے ہیں۔
جو کچھ بھی ہو، زینہ لانک آج بھی وُلر کے صاف و شفاف پانیوں میں کسی بہت بڑے راز کے ساتھ سلطان زین العابدین کی عظمت اور ان کے درویش صفت ہونے کا اعلان کرتا دکھائی دیتا ہے۔ یہاں مسجد کے پتھر اور سلطان زین العابدین کی بیٹھک کے نشانات کھنڈرات کی صورت میں آج بھی موجود ہیں۔
لانکریش پورہ، جو بانڈی پورہ کے ساتھ ایک گاؤں ہے، وُلر کے کنارے واقع ہے۔ یہاں سے کشتی میں بیٹھ کر اس لانک تک آسانی کے ساتھ پہنچا جاسکتا ہے، لیکن یہ سفر صبح سویرے شروع کرکے تین چار بجے سے پہلے پہلے واپسی پر اختتام پذیر ہونا چاہیے، کیونکہ اس وقت کے بعد اچانک وُلر میں طوفانی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ لہریں بہت بلند ہوجاتی ہیں، جن کے باعث جھیل میں ڈوبنے کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ کبھی کبھی اچانک اٹھنے والے ان طوفانوں میں ہانجی لوگ بھی گھر کر وُلر کے پانیوں میں سما جاتے ہیں۔
جھیل وُلر بانڈی پورہ، سوپور اور اس سے ملحقہ درجنوں علاقوں میں بود و باش رکھنے والے ہانجی اور کشتی بان طبقے کو روٹی روزی فراہم کررہی ہے۔ اس جھیل کی مچھلیاں ذائقے کے اعتبار سے پورے کشمیر میں مشہور ہیں۔ یہاں سنگھاڑے بھی پیدا ہوتے ہیں اور اس کی پیداوار میں ’’نَدرُو‘‘ خاص طور پر قابلِ ذکر ہے، جسے جھیل ڈل کے بعد سب سے زیادہ ذائقے دار نَدرُو مانا جاتا ہے۔
کرالہ سنگری، جس کی چوٹی پر بابا شکرالدین کی زیارت واقع ہے، مرجعِ نور بنی ہوئی ہے۔ یہاں سال بھر عقیدت مند اپنی مرادیں لے کر آتے رہتے ہیں۔ سوموار اور جمعرات کو یہاں خصوصاً لوگوں کی آمد و رفت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ یہ شکرالدین صاحب کا آستانۂ عالیہ ہے، جو مشہور صوفی بزرگ بابا ریشی کے پیرو مرشد رہے ہیں۔ بابا ریشی نے اپنے مرشد کی خدمت میں 12 سال گزارے۔
روایت کے مطابق، ریشی صاحب اپنے پیرو مرشد کے لئے نیچے وُلر سے پانی اور دوسری ضروری اشیاء ’’وٹلب گاؤں‘‘ سے پہاڑی کی بلند چوٹی تک پہنچاتے رہے ہیں۔ ظاہر ہے کہ اس زمانے میں پہاڑی کے دامن سے بلند چوٹی تک اپنے کندھے پر پانی کا گھڑا اٹھا کر لے جانا کس قدر مشکل اور محنت طلب کام رہا ہوگا۔
کہتے ہیں کہ ایک مرتبہ اچانک بابا شکرالدین کی نگاہ بابا ریشی کے کندھے پر پڑی، جہاں پانی اوپر لے جانے کی وجہ سے ایک گہرا زخم بن چکا تھا اور اس سے پیپ رس رہی تھی۔ اس وقت بابا شکرالدین نے اپنے اس مرید پر نگاہِ کرم فرمائی، ایک تیر پھینکا اور اپنے طالب سے کہا کہ جہاں یہ تیر لگے گا، تمہارا ٹھکانہ وہیں ہوگا اور تمہاری بزرگی کا ڈنکا تمام زمانوں میں اسی طرح بجتا رہے گا۔
یہ تیر ایک اونچے اور گھنے جنگل کی چوٹی پر جا لگا، جہاں آج کل بابا ریشی کا آستانۂ عالیہ مرجعِ نور اور فیض و برکت کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔
وٹلب، سوپور سے 15 کلومیٹر دور بانڈی پورہ جانے والے راستے پر اسی کرالہ سنگری کے دامن میں واقع ہے۔ کرالہ سنگری یا بابا شکرالدین کی پہاڑی کو پار کرتے ہی بانڈی پورہ، جو اب ایک ضلع ہے، شروع ہوجاتا ہے۔ یہاں سے بانڈی پورہ تک کا پورا راستہ جھیل وُلر کے کنارے کنارے گزرتا ہے، اس لئے سڑک پر سفر کرتے ہوئے بھی وُلر کا نظارہ بہت اچھی طرح کیا جاسکتا ہے۔
راستے میں بانڈی پورہ تک آنے والے چھوٹے چھوٹے گاؤں کی بڑی آبادی کا روزگار صدیوں سے اسی جھیل کی پیداوار پر منحصر رہا ہے۔ ہماری تاریخوں سے یہ گمان غالب آتا ہے کہ اس شہر کے جھیل میں تبدیل ہونے کے بعد شاید سوپور تک کا پورا علاقہ زیرِ آب آگیا تھا۔
محمد الدین فوق کا خیال ہے کہ حضرت سلیمان جب اپنے تخت پر یہاں سیر کے لئے تشریف لائے تھے تو قرینِ قیاس ہے کہ انہوں نے اسی جھیل کے پانی کو کھادنیار سے کسی طرح نکالنے کا بندوبست کیا ہوگا، کیونکہ جس زمانے میں یہاں ان کی تشریف آوری کا گمان کیا جاتا ہے، اس وقت کشمیر کے علاقوں مَراج اور کَمرَاج، دونوں میں خاصی آبادی اور آثارِ قدیمہ کے شواہد ملتے ہیں۔
کئی تاریخوں سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ سندر مت نگر کے ڈوبنے کے بعد سوپور میں کہیں ایک گڑھی تعمیر کی گئی اور سوپور نیا دارالخلافہ بنا۔ تاہم، یہ مستند تاریخی حقیقت ہے کہ سوپور یا سویا پور، حکیم سویا کے نام سے منسوب ہے، جو راجہ اونتی ورمن کے عہدِ حکومت میں ایک وزیر تھا۔
وُلر یا اولر، سنسکرت کے لفظ ’’اولولاکی‘‘ کی شاید بگڑی ہوئی شکل ہے، جس کے معنی ’’ابھرتی ہوئی لہریں‘‘ ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ اولر میں آج بھی اچانک طوفان پیدا ہوتے ہیں اور اس کی لہریں بے قابو ہوکر کئی کئی میٹر بلند ہوجاتی ہیں۔


