فیضان پنجابی
جنگ نیوز
جموں و کشمیر حکومت نے دربار موو کی 154 سالہ روایت کے تحت سول سیکریٹریٹ اور دیگر اہم سرکاری دفاتر کو سری نگر سے جموں منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سری نگر میں دفاتر 30 اکتوبر کو بند ہوں گے اور 2 نومبر کو جموں میں دوبارہ کھلیں گے۔
محکمۂ عمومی انتظامیہ کے حکم کے مطابق، پانچ روزہ ہفتہ رکھنے والے دفاتر 30 اکتوبر جبکہ چھ روزہ ہفتہ رکھنے والے دفاتر 31 اکتوبر کو بند ہوں گے۔ سول سیکریٹریٹ سمیت اہم دفاتر جموں منتقل ہوں گے، جبکہ 50 دفاتر عارضی انتظام کے تحت کام کریں گے۔
حکم نامے کے مطابق، عارضی طور پر منتقل ہونے والے دفاتر میں متعلقہ عملے کے صرف 33 فیصد یا زیادہ سے زیادہ 10 ملازمین، جو بھی تعداد کم ہو، تعینات کیے جائیں گے۔ ملازمین کی آمدورفت کے لئے جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو 31 اکتوبر اور 1 نومبر کو مناسب بسوں کا انتظام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکومت نے ہر اہل ملازم کے لئے 25000 روپے خصوصی سفری الاؤنس بھی مقرر کیا ہے، تاہم مقررہ مدت میں منتقل نہ ہونے والے ملازمین اس سہولت کے اہل نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ مہاراجہ رنبیر سنگھ نے 1872 میں دربار موو کی روایت شروع کی تھی، جس کے تحت سرکاری دفاتر موسمِ گرما میں سری نگر اور موسمِ سرما میں جموں منتقل کیے جاتے ہیں۔ یہ روایت 2021 میں ختم کر دی گئی تھی، تاہم 2025 میں اسے دوبارہ بحال کیا گیا۔


