جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلن پربھات نے بمنہ میں جے اینڈ کے پولیس پبلک اسکول سے موٹر سائیکل ریلی کو گجرات کے ایکتا نگر کے لیے روانہ کیا۔ ریلی میں جموں و کشمیر پولیس کے 10 اور لداخ پولیس کے 5 موٹر سائیکل سوار شامل ہیں۔ یہ ریلی 31 اکتوبر 2026 کو منعقد ہونے والی قومی یومِ اتحاد پریڈ میں شرکت کرے گی۔
روانگی سے قبل اسکول میں ’’منشیات کے خلاف جنگ‘‘ کے موضوع پر بیداری پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ریلی کے دوران مختلف مقامات پر عوام، خصوصاً نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرکے منشیات سے پاک معاشرے کا پیغام دیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پولیس نلن پربھات نے قومی موٹر سائیکل ریلی میں جموں و کشمیر پولیس کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مرکزی مسلح پولیس فورسز کے 45 دستے اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس موقع پر ایس جے ایم گلانی، نتیش کمار، بھیم سین ٹوٹی، شیخ جنید، شاہد مہراج، ایم سلیمان چودھری، سجیت کمار، مقصود الزماں، حسیب الرحمٰن، عبد القیوم اور سی آر پی ایف کی ڈی آئی جی شمالی سرینگر سواپنا گوتم میشرن سمیت دیگر افسران موجود تھے۔


