12 ممالک کے 67 غیر ملکی شرکاء کی رجسٹریشن، ڈویژنل کمشنر انشل گرگ کی محکموں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر:ڈویژنل کمشنر کشمیر انشل گرگ نے تیسری کشمیر میراتھن کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو بہتر انتظامات اور باہمی تال میل یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
کشمیر میراتھن 25 اکتوبر کو منعقد ہوگی، جبکہ تین روزہ میراتھن ایکسپو پولو گراؤنڈ میں منعقد کی جائے گی۔ اب تک 12 ممالک کے 67 غیر ملکی شہریوں نے شرکت کے لیے اندراج کرایا ہے۔ اس موقع پر 42.19 کلومیٹر کی مکمل میراتھن اور 21.09 کلومیٹر کی نصف میراتھن بھی منعقد ہوگی۔ شرکاء کی سہولت کے لیے راستے میں 17 امدادی مراکز قائم کیے جائیں گے۔
انشل گرگ نے سڑکوں کے گڑھے بھرنے، راستے کی خوب صورتی، درختوں کی شاخ تراشی، ڈل جھیل کے اطراف صفائی اور طبی مراکز کے قیام کی ہدایت دی۔ انہوں نے اسٹریٹ لائٹس، ٹریفک نظم و ضبط، پارکنگ اور پولو گراؤنڈ میں روشنی کے مناسب انتظامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرینگر، ڈائریکٹر سیاحت اور مختلف متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔


