جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر: عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے چیف ترجمان انعام النبی نے بتہ مالو ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران صدر ابرار احمد خان، جنرل سیکریٹری وسیم احمد خان اور سینئر نائب صدر مہراج الدین گنائی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تاجروں کی فلاح و بہبود کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
نو منتخب قیادت کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انعام النبی نے کہا کہ جمہوریت کی اصل روح عوام کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق دینا ہے، جبکہ منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی اعتماد پر پورا اتریں۔
انہوں نے تجارتی انجمنوں میں شفافیت اور جوابدہی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات ہر چھ ماہ یا کم از کم سالانہ بنیادوں پر عام کرنے کی تجویز پیش کی۔
انعام النبی نے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے عوض کمیشن وصول کرنے کی روایت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ دکانداروں کے جائز مسائل بلا معاوضہ حل کریں۔
انہوں نے تجارتی انجمنوں کے درمیان اتحاد کے لئے مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف انجمنوں کی جانب سے ایک ہی مسئلے پر الگ الگ حکام سے رجوع کرنے سے الجھن پیدا ہوتی ہے اور تاجروں کی اجتماعی آواز کمزور پڑ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے تاجروں کے مسائل انتظامیہ اور سیاسی قیادت کے سامنے مؤثر اور متحد انداز میں پیش کیے جاسکتے ہیں۔


