جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر، یکم اکتوبر: جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان تنویر صادق نے جی ایم سی ڈوڈہ میں حجاب سے متعلق تنازعے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کو حجاب پہننے سے روکنا آئینِ ہند میں ضمانت دی گئی مذہبی آزادی کے بنیادی حق کے منافی ہے۔
پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حجاب پہننا یا نہ پہننا خاتون کی ذاتی پسند اور خودمختاری کا معاملہ ہے، جس پر پابندی عائد نہیں کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے پیروکار اپنے مذہبی اور ثقافتی روایات کے مطابق لباس پہنتے ہیں، ایسے میں مسلم خواتین کے حجاب کو نشانہ بنانا امتیازی ماحول کو فروغ دیتا ہے۔
تنویر صادق نے جی ایم سی ڈوڈہ کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے خاتون کو مذہبی لباس پہننے سے روکنے کی کوشش کی ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ طبی اداروں میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھتے ہوئے ملازمین اور زیرِ تربیت ڈاکٹروں کے آئینی حقوق اور مذہبی آزادی کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔


