جنگ نیوز
سری نگر/ابھرتے ہوئے کشمیری موسیقی کے فنکاروں کے لئے منعقد ہونے والے ’فَنکارِ کشمیر‘ سیزن 4 میں 90 نوجوان فنکاروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 70 کو لائیو آڈیشن کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ دو روزہ آڈیشن کے بعد 15 فنکار گرینڈ فائنل میں جگہ بنائیں گے۔
رواں سیزن میں سازندوں کی بڑی تعداد کے علاوہ دو ابھرتے ہوئے ریپرز نے بھی شرکت کی ہے۔ ’فَنکارِ کشمیر‘ کا گرینڈ فائنل 28 ستمبر کو ٹیگور ہال، سری نگر میں ہوگا۔
شوکیس ایونٹس، دی ایگل اور کشمیر رباب اکیڈمی کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ پلیٹ فارم نوجوان فنکاروں کو پرفارمنس، رہنمائی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرتا ہے۔
کشمیر رباب اکیڈمی کے بانی نذیر گنائی نے کہا کہ رواں برس سامنے آنے والے ٹیلنٹ میں نمایاں تنوع ہے، جبکہ دی ایگل کی بانی اینجلینا فرنانڈس نے مقامی فنکاروں کو قومی و بین الاقوامی مواقع سے جوڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شوکیس ایونٹس کی چیف ایگزیکٹو ننی سنگھ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوان فنکاروں کے لئے مستقل مواقع پیدا کرنا اور مقامی موسیقی کے گرد ثقافتی معیشت کو فروغ دینا ہے۔
JKAACL، SIRAF اور RAAB Foundation سمیت مختلف ادارے بھی اس سیزن کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔


