جنگ نیوز
سری نگر/ جنوبی کشمیر کے ہمالیائی خطے میں واقع مقدس امرناتھ گپھا میں ’چھڑی مبارک‘ کی آمد اور خصوصی پوجا کے ساتھ 57 روزہ سالانہ امرناتھ یاترا باضابطہ طور پر اختتام پذیر ہوگئی۔ اس سال یاترا کا اختتام رکشا بندھن کے موقع پر ہوا۔
بھگوان شیو کی مقدس ’چھڑی مبارک‘ مہنت دیپیندر گری کی قیادت میں سادھوؤں کے ایک گروپ کے ہمراہ جمعہ کی علی الصبح 3880 میٹر کی بلندی پر واقع مقدس گپھا پہنچی، جہاں خصوصی پوجا اور دعائیں ادا کی گئیں۔
سادھوؤں اور عقیدت مندوں نے شیش ناگ سے تقریباً 6 کلومیٹر کا پیدل سفر طے کرکے گپھا تک پہنچایا۔ اس سے قبل گروپ نے پہلگام سے تقریباً 42 کلومیٹر کا سفر طے کیا اور چندن واڑی، شیش ناگ اور پنجترنی میں قیام کیا۔
خصوصی رسومات کے بعد ’چھڑی مبارک‘ کی واپسی شروع ہوگئی۔ ’پوجن‘ اور ’وسرجن‘ کی رسومات اتوار کو پہلگام میں دریائے لدر کے کنارے ادا کی جائیں گی، جس کے بعد ’چھڑی مبارک‘ کو دشنامی اکھاڑہ کے اما ریشور مندر میں واپس لایا جائے گا۔
امرناتھ یاترا کا آغاز 3 جولائی کو ہوا تھا، تاہم 9 اگست کو خراب موسمی حالات اور راستے کو پہنچنے والے نقصان کے باعث یاترا معطل کردی گئی تھی۔ حکام کے مطابق اس سال 4.80 لاکھ سے زائد یاتریوں نے مقدس گپھا کے درشن کیے۔


