20 سے زائد کالجوں کے طلبہ کی شرکت، تسلیم محمد اور مسکان ناصر نے طلائی تمغے جیتے
جنگ نیوز ڈیسک
سرینگر/کشمیر یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس DPES نے سالانہ کھیلوں کے کلینڈر کے تحت بین الجامعاتی مرد و خواتین سائیکل ریس کا انعقاد کیا، جس میں یونیورسٹی سے وابستہ 20 سے زائد کالجوں اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ نے شرکت کی۔
مردوں کی سائیکل ریس کو للیت گرینڈ پیلس سے جبکہ خواتین کی ریس کو نشاط باغ سے روانہ کیا گیا۔ دونوں ریسیں کشمیر یونیورسٹی کے رومی گیٹ پر اختتام پذیر ہوئیں۔ ڈائریکٹر DPES، پروفیسر رئیس قادری نے ریس کو ہری جھنڈی دکھائی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر رئیس قادری نے طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے نوجوانوں میں سائیکلنگ اور صحت مند طرز زندگی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
مردوں کے مقابلے میں گاندھی کالج سرینگر کے تسلیم محمد نے 19 منٹ 47 سیکنڈ کے ساتھ طلائی تمغہ حاصل کیا، جبکہ اسلامیہ کالج سرینگر کے حامد ارشد دوسرے اور GDC بیروہ کے محمد طاہر میر تیسرے نمبر پر رہے۔
خواتین کے مقابلے میں ویمنز کالج زکورہ کی مسکان ناصر نے 18 منٹ 20 سیکنڈ کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ GDC پامپور کی ادفرا عالم نے چاندی اور GDC گاندربل کی پاکیزہ اشرف نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
مین کیمپس کے گراؤنڈ بی میں منعقدہ تقریب کے دوران کامیاب کھلاڑیوں میں تمغے اور شرکت کے اسناد تقسیم کیے گئے۔


