جنگ نیوز
نئی دہلی/دہلی حکومت نے جنتر منتر پر طلبہ کے احتجاج کے سلسلے میں درج تمام ایف آئی آرز واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام سے احتجاج میں شریک طلبہ کو بڑی راحت ملی ہے اور گرفتار افراد کی رہائی کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے۔
وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ دہلی حکومت طلبہ کے خلاف درج مقدمات واپس لے رہی ہے کیونکہ نوجوانوں کے مستقبل پر ایسے مقدمات کے منفی اثرات مرتب نہیں ہونے چاہییں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ان افراد پر لاگو نہیں ہوگا جن پر پہلے سے کوئی مجرمانہ مقدمہ درج ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران درج تمام مقدمات واپس لئے جائیں گے اور مستقبل میں انہیں بند کرنے کے لئے ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ گرفتار طلبہ کی رہائی کے لئے بھی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ مقدمات عوامی امتحانات میں مبینہ پرچہ لیک ہونے کے خلاف جنتر منتر پر ہونے والے طلبہ احتجاج کے بعد درج کیے گئے تھے۔ دہلی حکومت کے اس فیصلے کو طلبہ کے مستقبل کے تحفظ اور ان کے تعلیمی و پیشہ ورانہ امکانات کو متاثر ہونے سے بچانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


