جنگ نیوز
سرینگر/ بھارت اور پاکستان کے سو سے زائد ممتاز شہریوں نے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نریندر مودی اور شہباز شریف کے نام ایک مشترکہ کھلے خط میں جنوبی ایشیا میں امن، معمول کے سفارتی تعلقات اور بامعنی مذاکرات کی بحالی کی اپیل کی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل کشیدگی نے خطے کی ترقی اور تقریباً دو ارب عوام کے مستقبل کو متاثر کیا ہے، اس لئے اختلافات کے حل کے لئے بات چیت ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔
اپیل میں دونوں ممالک کے درمیان ہائی کمشنرز کی بحالی، ویزا خدمات کی دوبارہ شروعات، تجارت اور ٹرانسپورٹ روابط کی بحالی، سرینگر۔مظفرآباد بس سروس، سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس کی بحالی، فضائی حدود کھولنے، عوامی و ثقافتی روابط کو فروغ دینے اور جموں و کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات پر جامع مذاکرات شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ خط میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ خطے کا مستقبل تصادم نہیں بلکہ امن، تعاون اور مشترکہ ترقی سے وابستہ ہے۔


