سری نگر/20؍جون 2026ء
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ( ڈِی آئی پی آر) سری نگر کے کلچر یونٹ نے’ نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت ہائیر سیکنڈری سکول (ایچ ایس ایس) پالپورہ سری نگر میں منشیات کے مضر اثرات سے متعلق طالب علموں میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ایک بیداری پروگرام کا اِنعقاد کیا۔
پروگرام کے دوران طالب علموں نے منشیات کے اِستعمال کے نقصانات اور صحت مند و ذمہ دارانہ طرزِ زندگی اَپنانے کی اہمیت پر مبنی معلوماتی اور فکر انگیز تقاریر پیش کیں۔
کشمیر کلا منچ کے فن کاروں نے بیداری مہم کو مزید مؤثر اور تخلیقی بنانے کے لئے ایک موضوعاتی مختصر ڈرامہ پیش کیا جس میں منشیات کی لت کے سماجی اور ذاتی زِندگی پر پڑنے والے منفی اثرات کو اُجاگر کیا گیا۔ حاضرین و سامعین نے اس ڈرامے کو اس کے مضبوط پیغام کے باعث بے حد سراہا۔
اِس موقعہ پر کلچرل آفیسر کشمیر اور اے اِی سی او نے خطاب کرتے ہوئے منشیات کے خلاف جدوجہد میں نوجوانوں کے فعال کردار کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے طالب علموں پر زور دیا کہ وہ مثبت تبدیلی کے سفیر بنیں اور جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک معاشرہ بنانے میں اَپنا کردار اَدا کریں۔
پرنسپل ہائیر سیکنڈری سکول (ایچ ایس ایس) پالپور نے پروگرام کے اِنعقاد پر محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے کلچرل یونٹ کا شکریہ اَدا کیا اور طالب علموں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے محکمہ کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لئے اِجتماعی اقدامات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
پروگرام کے اِختتام پر شرکأ کو ان کی پُرجوش شرکت اور پروگرام کی کامیابی میں نمایاں تعاون کے اعتراف میں محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے کلچرل یونٹ کی جانب سے اعزازات سے نوازا گیا۔


