جنگ نیوز
سری نگر/ جموں و کشمیر حکومت نے ابتدائی جماعتوں میں مادری زبان اور گھریلو زبان کو تدریس کا بنیادی ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ بعد میں مرحلہ وار دیگر زبانوں کی جانب منتقلی کی جائے گی۔
SCERT-J&K کی جانب سے جاری سرکولر میں کہا گیا ہے کہ NEP-2020 اور NIPUN Bharat Mission کے تحت بنیادی خواندگی اور عددی مہارتوں کو مضبوط بنانے کے لئے تمام سرکاری، امدادی اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں یہ ہدایات نافذ ہوں گی۔
سرکولر کے مطابق دوسری جماعت کے اختتام تک ہر بچے کے لئے عمر کے مطابق متن روانی سے پڑھنا، اس کا مفہوم سمجھنا اور کہانی کو ترتیب وار بیان کرنا لازمی ہوگا۔
حکومت نے ہدایت دی ہے کہ ابتدائی تعلیم کھیل، کہانیوں، نظموں، مباحثوں اور سرگرمیوں پر مبنی ہو، جبکہ رٹے پر مبنی تدریس اور پری اسکول سطح پر تحریری امتحانات کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید کہا گیا ہے کہ بچوں میں بنیادی ریاضیاتی مہارتوں، گنتی، جمع و تفریق اور منطقی سوچ کو عملی سرگرمیوں کے ذریعے فروغ دیا جائے گا، جبکہ تعلیمی اداروں کے سربراہان ان اہداف کے حصول کے ذمہ دار ہوں گے۔


