جنگ نیوز
نئی دہلی/مرکزی حکومت نے یقین دلایا ہے کہ ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور ایندھن کی فراہمی بلا رکاوٹ جاری ہے۔
مغربی ایشیا کی صورتحال پر بین وزارتی بریفنگ کے دوران وزارت پیٹرولیم و قدرتی گیس کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے کہا کہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پٹرول پمپوں پر ایندھن کی مسلسل دستیابی یقینی بنا رہی ہیں اور ملک میں ایندھن کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کے ذخائر موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کافی ہیں، جبکہ سپلائی چین پر بھی مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ادھر وزارت بندرگاہ، جہاز رانی و آبی گزرگاہوں نے بتایا کہ خلیجی خطے میں تعینات بھارتی بحری کارکن محفوظ ہیں اور سمندری نقل و حمل کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
حکام کے مطابق خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود شپنگ آپریشنز متاثر نہیں ہوئے ہیں اور بھارت کی توانائی اور تجارتی سپلائی لائنز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور ایندھن کی دستیابی کے حوالے سے بے جا خدشات سے گریز کریں۔


