جنگ نیوز
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے خواتین کے لئے ریزرویشن کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ اسے کسی سیاسی جماعت سے جوڑنے کے بجائے اجتماعی مفاد کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس اہم قانون کی حمایت کریں اور اسے سیاست کی نذر نہ کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی خواتین آئینی ترامیم کے حوالے سے ہماری نیت کو بغور دیکھ رہی ہیں اور کسی بھی بدنیتی کو وہ کبھی معاف نہیں کریں گی۔
خواتین ریزرویشن، حد بندی (Delimitation) اور لوک سبھا کی نشستوں میں اضافے سے متعلق بلوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ اقدامات ملک کی پارلیمانی تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حد بندی کے عمل میں کسی بھی ریاست یا خطے کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائے گا اور نشستوں کی تقسیم متناسب ہی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبادی کے نصف حصے کو نمائندگی دینا مزید مؤخر نہیں کیا جا سکتا اور خواتین کو ریزرویشن 25 سے 30 سال پہلے ہی مل جانا چاہیے تھا۔
خطاب کے اہم نکات
میں اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خواتین کے ریزرویشن کے معاملے پر سیاست سے بالاتر ہو جائیں، یہ کافی عرصے سے التوا کا شکار ہے۔
خواتین نچلی سطح پر قیادت کے کردار میں ابھر رہی ہیں۔
ہمیں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ہم ناری شکتی کو کچھ دے رہے ہیں؛ یہ ان کا حق ہے۔
ہماری پارلیمانی جمہوریت میں خواتین کی شرکت صرف تعداد کا مسئلہ نہیں بلکہ جمہوری اقدار سے وابستگی کا اظہار ہے۔
خواتین کو فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔


