جنگ نیوز ڈیسک
جموں/چیف سیکریٹری جموں و کشمیر اٹل ڈولو نے آج محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے زیر اہتمام ایک تقریب میں ڈی آئی پی آر کیلنڈر 2026 اور سرکاری ڈائری کی رسم اجرا انجام دی۔
ہر سال شائع ہونے والے یہ کیلنڈر اور ڈائری جموں و کشمیر کی نمایاں تہذیبی وراثت، اہم تاریخی مقامات، ترقیاتی اقدامات اور یونین ٹیریٹری کی اہم کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری امور میں ایک مستند حوالہ اور دستاویزی ذریعہ بھی فراہم کرتے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سرکاری پالیسیوں، پروگراموں اور کامیابیوں کی مؤثر دستاویز سازی اور عوام تک بروقت رسائی میں یہ محکمہ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ شفاف طرز حکمرانی کے فروغ اور حکومت و عوام کے درمیان مضبوط رابطے کے قیام میں ڈی آئی پی آر کی خدمات قابل ستائش ہیں، جو جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو نمایاں کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔
تقریب میں کمشنر سیکریٹری اطلاعات و جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ایم راجو اور ڈائریکٹر اطلاعات و تعلقات عامہ نتیش راجورا بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ چیف سیکریٹری کے اسپیشل سیکریٹری کے ایس چب، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے اسپیشل سیکریٹری جوگیندر سنگھ رائے، چیف سیکریٹری کے اسپیشل سیکریٹری نگندر سنگھ جموال اور محکمہ اطلاعات کے دیگر سینئر افسران و متعلقہ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
ڈی آئی پی آر کیلنڈر 2026 اور سرکاری ڈائری سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ سرکاری دفاتر، اداروں اور دیگر شراکت داروں کے لیے ایک مفید حوالہ ثابت ہوں گے اور عوامی رابطہ کاری و اطلاعات کی مؤثر ترسیل کے لیے انتظامیہ کے عزم کو مزید مضبوط کریں گے۔


