جنگ نیوز
بارہمولہ پولیس نے 52 راشٹریہ رائفلز (RR) کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ڈیلینہ علاقے کے درپورہ نرسری سے دہشت گردوں کے دو مشتبہ معاونین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت طاہر احمد ملک ولد محمد امین ملک اور وسیم سلطان بیگ ولد محمد سلطان بیگ، دونوں ساکنان چنکی پورہ، سوپور کے طور پر ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران ایک ترکی ساختہ کینک پستول، 10 کارتوسوں سمیت ایک میگزین، تقریباً 15 کلوگرام اور 7.5 کلوگرام وزن کے دو دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (IEDs)، رجسٹریشن نمبر JK01U- 5167 والی ایک اسکوٹی اور 6500 روپے نقد برآمد کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر اوور گراؤنڈ ورکرز (OGWs) کے طور پر کام کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کو اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد پہنچانے اور ان کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ تفتیش کے دوران نیٹ ورک کے دیگر ارکان، ملزمان کے روابط اور برآمد شدہ اسلحہ و دھماکہ خیز مواد کے ذرائع کا پتہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


