جنگ نیوز
سری نگر/ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے جموں و کشمیر ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (جے کے ڈی ایف) اور الرّحیم ٹرسٹ کے اشتراک سے سری نگر میں ’اسلُک آلو‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کی، جس میں تاجروں، نوجوانوں، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
آر ایس ایس کے قومی رابطہ سربراہ رام لال نے کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی، اشوک کول، مولانا اویس رضا قادری، مکیش کمار سنل وسا اور پیشہ ور شخصیت عادل محی الدین بھی موجود تھے۔
کانفرنس کا اہتمام جے کے ڈی ایف کے چیئرمین بلال پرے اور الرّحیم ٹرسٹ کے چیئرمین نذیر احمد گلکار کی قیادت میں کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق ’اسلُک آلو‘ کے تحت اب تک مختلف موضوعات پر 5 مذاکروں کا انعقاد کیا جا چکا ہے، جن کا مقصد باہمی مکالمے، ہم آہنگی اور مختلف طبقوں کے درمیان مفاہمت کو فروغ دینا ہے۔
رام لال نے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقوں کے درمیان بامعنی مکالمہ باہمی اعتماد اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری ہے۔ بلال پرے اور نذیر احمد گلکار نے بھی کہا کہ اس اقدام کا مقصد مختلف پس منظر رکھنے والے افراد کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرکے جموں و کشمیر میں امن، تعاون اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔
منتظمین نے کانفرنس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے سماجی روابط مستحکم کرنے اور خطے کی ترقی میں اجتماعی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔


