سرینگر، 14 اکتوبر.
ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر (DSEK) نے بدھ کے روز وادی کشمیر کے تمام اسکولوں کے اوقات کار میں 15 اکتوبر 2026ء سے تبدیلی کا حکم جاری کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ‘جی این ایس’ کے پاس دستیاب آرڈر کی کاپی کے مطابق، ضلع سرینگر کی میونسپل حدود میں آنے والے اسکولوں کے نئے اوقات کار صبح 10:00 بجے سے دوپہر 3:30 بجے تک طے کیے گئے ہیں۔
جبکہ ضلع سرینگر کی میونسپل حدود سے باہر اور وادی کشمیر کے دیگر تمام علاقوں میں واقع اسکولوں کے اوقات کار صبح 10:30 بجے سے شام 4:00 بجے تک ہوں گے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ نئے اوقات کار کا اطلاق وادی کشمیر کے تمام سرکاری کے ساتھ ساتھ تسلیم شدہ پرائیویٹ اسکولوں پر بھی یکساں طور پر ہوگا۔
آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ان نئے اوقات کار پر بغیر کسی لاپرواہی یا انحراف کے سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔


